پاکستان کا مظلوم اور پسا ہوا طبقہ آج یتیم ہوگیا
ریاض ( ذکاء اللہ محسن) پاکستان تھنکرز فورم کے زیر اہتمام، انسانی حقوق کی چیمپیئن عاصمہ جہانگیر کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نالج کور میں منعقدہ اس پر وقار تقریب میں شہر ریاض کی قریباً تمام سیاسی، سماجی اور ادبی و ثقافتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت پاکستان تھنکرز فورم کے صدر رانا خالد نے کی۔ ریاض کے ممتاز دانشور پروفیسر گوہر رفیق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ فرح احسن اور وسیم ساجد نے نظامت کے فرائض بخوبی انجام دیئے۔ تقریب کا آغاز ایک خصوصی ڈاکیومنٹری کے ذریعے کیا گیا۔ جس میں عاصمہ جہانگیر کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی گئی۔ پاکستان تھنکرز فورم کے صدر رانا خالد نے عاصمہ جہانگیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عاصمہ ایک بہادر اور جرأتمند خاتون تھیں۔ انہوں نے زندگی اپنے اصولوں پر گزاری اور کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ پروفیسر رفیق گوہر نے کہا کہ آئین و قانون کے حق میں آواز اٹھانے والا طبقہ پاکستان میں ہمیشہ مطعون رہا۔ عاصمہ اس طبقے کی سردار تھیں۔ یونس ابو غالب نے کہا کہ پاکستان کا مظلوم اور پسا ہوا طبقہ آج یتیم ہوگیا اور اسٹیبلشمنٹ کی ریشہ دوانیوں کیخلاف جس جرأت اور بہادری سے عاصمہ نے آواز اٹھائی، اس کی مثال نہیں ملتی۔ احسن عباسی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں عاصمہ ہمیشہ درست سمت میں کھڑی رہیں اور عاصمہ جہانگیر پاکستان کا اصل چہرہ تھیں۔دیگر مقررین میں تسنیم امجد، مہوش انور، تصدق گیلانی، خالد اکرم رانا، رئوف مغل، حافظ عبدالوحید، شمشاد صدیقی، قاضی اسحاق میمن، ذیشان قاضی، چوہدری عبدالمجید، ڈاکٹر ریاض چوہدری الیاس رحیم اور مبشر انوار نے خطاب کیا۔ تقریب کے صدر رانا خالد نے تمام شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر ممتاز اسلامی اسکالر میمونہ مرتضی ملک نے عاصمہ جہانگیر، منوبھائی اور قاضی واجد کیلئے خصوصی دعا کروائی۔