فرانس میں اسلام سے متعلق صدر کا موقف
ڈاکٹر شملان یوسف العیسیٰ ۔ الشرق الاوسط
فرانسیسی صدر نے کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران اپنے عوام سے اسلام کی بابت جو وعدہ کیا تھا اسے وہ پورا کرکے رہیں گے۔ وہ اپنے یہاں فرانسیسی اسلام نافذ کرنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔ وہ 2018ءکی پہلی ششماہی کے دوران گہری اصلاحات لائیں گے۔
حکومت فرانس چاہتی ہے کہ جس طرح فرانس میں یہودی مذہب کی نمائندہ کونسل ہے ویسی ہی مسلمانوںسے متعلق نمائندہ کونسل قائم ہو اور جملہ معاملات کونسل کے تعاون و اشتراک سے طے کئے جائیں۔ فرانس میں مسلمان 60لاکھ کے لگ بھگ ہیں۔ یہ کیتھولک کے بعد دوسرے بڑے مذہب کے ترجمان ہیں۔ فرانس میں مسلمانوں کو درپیش مشکلات و مسائل بہت زیادہ ہیں۔ اس کا تعلق صرف حقیقی نمائندگی کے فقدان سے ہی نہیں ، اسکا دائرہ عرب ممالک یا ترکی سے درآمد کئے جانے والے علماءاور آئمہ تک ہی محدود نہیں۔حکومت فرانس کی یہ رغبت بھی ایک اہم مسئلے کی حیثیت رکھتی ہے کہ فرانس کے مسلمان اسلام کے حوالے سے اپنا معتبر ادارہ رکھتے ہوں۔
اسی پیش منظر کے تحت فرانسیسی صدر نے فرانس میں موجود مسلمانوںکےلئے اسلام میں اصلاحات کا عندیہ دیا ہے۔ انکا احساس ہے کہ فرانس کی مسلم کمیونٹی میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ فرانس کے بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ فرانس کے مسلمان محسوس کریں کہ انہیں انکی ریاست امن و استحکام ، تعلیم ، روزگار ، عقیدے کی آزادی اور ثقافتی آزادی فراہم کئے ہوئے ہے۔ انہیں اپنے اس نئے وطن کے نظام کا دفاع کرنا چاہئے ۔ مذہبی انتہا پسندی اور نام نہاد اسلامی جہاد کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔
فرانسیسی صدر جو کچھ اپنے یہاں کرنا چاہتے ہیں وہ انکے ملک تک محدود نہیں بلکہ دیگر یورپی ممالک بھی اسی طرح کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ ان کے مطالبات حقیقت پسندانہ ہیں یا نہیں اسی طرح فرانس میںسیاسی اسلام کی کامیابی کے کیا امکانات ہیں یہ ایک الگ مسئلہ ہے۔د راصل فرانس میں اسلام کا مستقبل محض مسلمانوں کی فکر تک محدود نہیں ۔ یہ اسٹراٹیجک اور نظریاتی موضوع ہے۔ مذہبی تجدید کی تحریکیں اور دیگر ادارے اسلام کے حوالے سے جو کچھ کہہ رہے ہیں اور لکھ رہے ہیں اسکی وجہ سے اسلام بہت ساری تبدیلیوں سے دوچار ہے۔ فرانسیسی صدر کا مطالبہ فرانس کے مسلمانوں کو اپنی صلاحیتوں کو منوانے اور فرانس کے معاشرے میں خود کو شامل کرنے کیلئے سہولتیں حاصل کرنے کا زریں موقع ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭