ریاض.... سعودی کابینہ نے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں اونٹوں کو کھلے مقامات پر آزاد چھوڑنے پر پابندی عائد کردی۔کابینہ نے اس حوالے سے متعدد تدابیر کی منظوری دی ہے۔ وزارت ماحولیات کے یہاں جانوروں کا آن لائن اندراج ہوگا اور ان کے باقاعدہ نمبر متعین کئے جائیں گے۔ شاہراہوں پر اونٹوں سے آئے دن ہونے والے حادثات کے سدباب کیلئے مذکورہ پابندی لگائی گئی ہے۔ دسیوں شہری اپنے اونٹ کھلے مقامات پر آزاد چھوڑ دیتے ہیں جس سے خوفناک ٹریفک حادثات جنم لیتے رہتے ہیں۔ سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد العواد نے کابینہ کے اجلاس کے بعد تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیاکہ شاہ سلمان نے اجلاس کے آغاز میں کابینہ کے ارکان کو جنوبی افریقہ کے صدر سے ٹیلیفونک رابطے، برطانوی وزیر مملکت برائے امور مشرق وسطیٰ او ربرطانوی افواج کے چیف آف اسٹاف کے ساتھ اپنی ملاقاتو ںکے نتائج سے آگاہ کیا۔ سعودی کابینہ نے وزارت دفاع کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے پروگرام کی حکمت عملی پر مشتمل دستاویز اور عسیر ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری پر شاہ سلمان کو خراج قدرو منزلت پیش کیا۔ اجلاس میں علاقائی، عرب اور بین الاقوامی حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔ کابینہ نے شامی نظام کی جانب سے نہتے شہریوں پر تشدد کا سلسلہ بند کرنے اور انسانی امداد متاثرین تک پہنچانے کو یقینی بنانے اور شامی بحران سلامتی کونسل کی جاری کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیا۔ ڈاکٹر عواد نے بتایا کہ کابینہ نے وزیر ماحولیات کو موزمبیق کے ساتھ زراعت ، پانی اور ماحولیات کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار تفویض کیا جبک مصر کے ساتھ جانوروں کی خدمات سے متعلق تعاون کے معاہدے میں مزید 5برس کی توسیع کردی۔سعودی کابینہ نے انسداد انتہا پسندی و دہشتگردی کے عرب ادارے کے ساتھ 15محرم 1438ھ کو طے پانے والے معاہدے کی منظوری بھی دیدی۔ متعدد تقرریاں بھی کی گئیں۔