جوازات نے شہریوں اور مقیمین کیلئے وڈیو کالنگ سروس کا آغاز کر دیا ، جنرل سلیمان الیحییٰ
ریاض - - - - - ڈائریکٹر جنرل جوازات بریگیڈئر جنرل سلیمان الیحی نے کہا ہے کہ لوگوں کی سہولت کیلئے جوازات کیجانب سے وڈیو کالنگ سروس کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ سمعی و بصری خدمات کی فراہمی سے ان لوگوں کو سہولت ہو گی جو دوردراز علاقوں میں مقیم ہیں جنہیں جوازات کے مرکزی دفتر آکر اپنے مسائل بیان کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جنرل الیحی نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی جانب سے خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے شہریوں اور مقیمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ نئی فراہم کی جانے والی" وڈیو لنگ "کی سروس سے اب ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات کے اہم افسران سے براہ راست رابطہ ممکن ہو گا۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا شہری او ر مقیمین اپنے مسائل ، تجاویز اور آراء وڈیو لنگ کے ذریعے جوازات کے ذمہ داروں تک پہنچا سکتے ہیں ۔ اس سروس کے آغا ز سے لوگوں کو یہ سہولت ہو گی کہ وہ وڈیو کالنگ پر لاگ ان کر کے اپنے شہر اور مقام پر رہتے ہوئے ہی رابطہ کر سکتے ہیں ۔ جنرل سلیمان الحیحی نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ محکمہ امگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے بہتر سے بہتر خدمات مہیا کی جائیں تاکہ عام لوگوں کو سہولت ہو سکے ۔ وڈیو کالنگ کی سروس کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل جوازات نے مزید کہا کہ مملکت میں جوازات کے تمام ذیلی اداروں کو نئی سروس کا لنک فراہم کر دیا گیا ہے ۔ جسے ہر شخص استعمال کر تے ہوئے درپیش مسائل اور آراء سے ذمہ داروں کو مطلع کر سکتا جن کا بہتر حل تلاش کیا جائیگا ۔ جنرل سلیمان الیحی نے مزید کہا کہ جوازات کے تمام ریجنل ہیڈز کو بھی ہدایات کر دی گئی ہیں کہ وہ آنے والی کالز کا بہتر طریقے سے جواب دیں اور لوگوں کے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کریں ۔