رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ بنانا نہیں چاہتا،زرداری
اسلام آباد..سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے رضا ربانی کو دوبارہ چیئرمین سینیٹ بنانے کی تجویز مسترد کردی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران اس سوال پر کہ نواز شریف چا ہتے ہیں کہ رضا ربانی دوبارہ چیئرمین سینیٹ بنیں تو زرداری نے کہا کہ تھینک یو ویری مچ ،مگر میں ایسا نہیں چا ہتا۔ اس موقع پر فضل الرحمٰن نے کہاکہ سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے لئے تجاویز آرہی ہیں۔ نواز شریف نے بھی اتحادیوں کا اجلاس بلایا تھا کچھ تجاویز سامنے آئی ہیں۔ ان پر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں غور کیا جائے گا ۔دریں اثناءعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے نواز شریف کی طرف سے رضا ربانی کو دوبارہ چیئرمین سینیٹ نامزد کرنے کی تجویز کو ملک و قوم کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ رضاربانی اصل میں مسلم لیگ ن کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں۔ قوم کو دھو کہ دیا جا رہا ہے۔ نواز شریف رضا ربانی کے لئے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ پاکستان کے دشمن جمہوریت کے نام پر ملک، عدلیہ، فوج اور نیب کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ ملک کو اندر سے تباہ کرنے کی بین الاقوامی سازش ہے۔ رضا ربانی کو آگے لانے کا مقصد اداروں میں ٹکراو کرانا ہے۔