50 سے زائد ملکوں میں انسانی حقوق نظر انداز کئے جارہے ہیں ، اقوام متحدہ
جنیوا... اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر زید رعدالحسین نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا کی50 سے زیادہ ملکوں میں انسانی حقوق کی صورتحال کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔جمعہ کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر زید رعدالحسین نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔زید رعدالحسین نے لیبیا،یمن،فلپائن،کانگو،کوسٹا ریکار،میانمار وینیز ویلا اور ام میں انسانی حقوق کے معاملات کو تشویشناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بیشترواقعات میں اس تشویشناک صورتحال کے اصل ذمہ دار سیاستدان ہیں۔انہوں نے اپنی سالانہ رپورٹ میں تارکین وطن کے حوالے سے یورپی یونین کے بہت سے ملکوں کی پالیسیوں پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔رپورٹ کے مطابق غوطہ شرقی کا محاصرہ کسی طور قابل قبول نہیں ہے جہاں 4لاکھ عام شہری محصور ہوکے رہ گئے۔مسلم آبادیوں کو مسمار کرنے اور مرنے والوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کرنے کی خبروں سے پتہ چلتا ہے کہ میانمار کے حکام جان بوجھ کے اس علاقے میں انجام پانے والے جرائم اور خاص طور سے انسانیت کیخلاف جرائم کے ثبوت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ راخائن میں مسلمانوں کی نسل کشی اور تطہیر کا سلسلہ پوری شدت کیساتھ جاری ہے اور اس میں کوئی کمی نہیں آئی۔