ماریا شاراپووا کا کوچ عہدے سے فارغ
ماسکو : روس کی گولڈن گرل ماریا شاراپووا نے اپنے کوچ سوین گرونویلڈ کو عہدے سے فارغ کر دیا۔ شاراپووا نے 2014ءمیں گرونویلڈ کی خدمات حاصل کی تھیں اور اسی سال انہوں نے فرنچ اوپن ٹائٹل جیتا تھا۔ 15 ماہ ڈوپنگ پابندی کے بعد شاراپووا نے گزشتہ سال اپریل میں ٹینس کورٹس میں واپسی کی تاہم انہیں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ رواں برس بھی اب تک صرف 5 فتوحات حاصل کرسکیں۔ امریکہ میں جاری انڈین ویلز ٹینس میں انہیں پہلے راونڈ میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے انہوں نے کوچ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ 30سالہ شاراپووا نے کہا کہ گرونویلڈ تجربہ کار کوچ ہیں، انہوں نے چیلنجنگ اور مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا جس پر ان کی مشکور ہوں اور آئندہ کیلئے ان کے کامیاب مستقبل کی خواہشمند ہوں۔