جازان ..... نوجوان نے وفا اور صلہ رحمی کی مثال قائم کر تے ہوئے اپنے جگر کا ٹکرا بیمار چچا کو عطیہ کر دیا ۔ سبق نیوز کے مطابق جازان کمشنری میں رہنے والے ھادی ملحان کے چچا اور سسر کافی عرصہ سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے ۔ بیماری اتنی بڑھ چکی تھی کہ جگر کی پیوند کاری کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہ تھا ۔ ھادی اپنے چچا کے بہت قریب تھا وہ انہیں تکلیف میں نہیں دیکھ سکتا تھا ۔ ڈاکٹروں کے مطابق جان بچانے کےلئے صرف جگر کی پیوند کاری ہی واحد حل تھا ۔ چچا کو صحت مند دیکھنے اور بیماری کی تکلیف سے نجات دلانے کےلئے ھادی نے اپنے جگر کا ٹکرا عطیہ کردیا ۔ طبی معائنہ کے بعد تمام ٹیسٹ مثبت آنے پر ڈاکٹرو ں نے آپریشن کر دیا جو کامیاب رہا ۔