کنیا کماری .... تاملناڈ کے کنیا کماری میں موبائل فون اسٹور کو لوٹنے والے ایک چور کی طرف سے اپنا چہرہ چھپانے کی کوشش نے متعدد لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔ وجہ یہ تھی کہ وہ ایک شفاف پولی تھیلن کے تھیلے سے اپنا چہرہ چھپانے کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس کیلئے اسے چند گھنٹوں بعد ہی گرفتار کرنا آسان ہوگیا۔ یو ٹیوب پر ڈالی جانے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق چور شفاف پلاسٹک تھیلے سے اپنا چہرہ چھپا کر دکان میں داخل ہوا۔ ادھر ادھر دیکھتا رہا کہ آیا دکان میں کوئی اور تو نہیں۔ اسکے بائیں ہاتھ پر ٹیٹو بھی بنا ہوا تھا جسے کیمرے نے محفوظ کرلیا۔ چور نے جس طرح سے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی اس سے موبائل اسٹور کا مالک بھی ہنس پڑا۔ اس کا کہناتھا کہ یہ چور ایک لاکھ روپے نقد لیکر فرار ہوا۔ اس نے پولیس کو اگلے دن واقعہ سے مطلع کردیا اور یوں چور پکڑا گیا۔