فلاڈیلفیا ..... یہاں مقامی چڑیا گھر میں رہنے والا ایک گوریلا دوسرے جانوروں کی طرح چوپایہ ضرور ہے مگر اسے دوسروں کی طرح چاروں پیر پر چلنا پسند نہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ وہ مسلسل اس کوشش میں رہتا ہے کہ عام انسانوں کی طرح دو پیروں پر چلے تاکہ اس کے اگلے پیر صاف ستھرے رہیں اور کھانے سے پہلے اسے ہاتھ دھونے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ 18 سالہ لوئس ویسے بھی اپنی دلچسپ حرکتوں سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔ اسے اس چڑیا گھر میں 2004ءمیں لایا گیاتھا او راسی وقت سے اس کی نفاست اور صفائی پسندی سب کا دل جیتنے لگی تھی۔ اس وقت اس چڑیا گھر میں جو دو گوریلے رہتے ہیں ان میں سے لوئس ایک ہے او راسکی پیدائش مئی 1999ءمیں سینٹ لوئس کے چڑیا گھر میں ہوئی تھی۔ اس حوالے سے جاری ہونے والی وڈیو کسی سیاح نے سوشل میڈیا پر ڈالی ہے۔جس میں لوئس اپنے دو پیروں پر چلتا نظر آتا ہے۔ ماہرین حیوانات کاکہناہے کہ یہ گوریلا اپنی صفائی پسندی کی وجہ سے یقینی طور پر اس قابل ہے کہ اس سے بہت کچھ سیکھا جائے۔ وہ کبھی بھی اپنا ہاتھ دھوئے بغیر کوئی چیز نہیں کھاتا اور بڑی پابندی سے ہاتھ دھونے کے بعد ہی کھانے کیلئے بیٹھتا ہے۔ چڑیا گھر میں دودھ دینے والے چھوٹے جانوروں کی دیکھ بھال پر مامور کیوریٹر مائیکل اسٹن کا کہناہے کہ ا س گوریلے کا وزن 500پاﺅنڈ اور قد 6فٹ ہے لیکن اپنی غیر معمولی صلاحیت کی وجہ سے یہ دوسرے تمام گوریلوں کے مقابلے میں زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔