Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلی واٹر کولر سے پانی پینا سیکھ گئی

 لندن .... یہاں حال ہی میں جاری ہونے والی ایک وڈیو لوگوں کی زبردست دلچسپی اور توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ جس میں ایک پالتو بلی نے پیاس لگنے پر اپنے لئے مخصوص پیالے میں موجود پانی کو چھوڑ کر سیدھا قریب رکھے ہوئے واٹر کولر کے پاس چلی گئی اوربراہ راست اس کی ٹونٹی سے پانی پینے لگی۔ٹونٹی کا بٹن دبانے کیلئے اس نے اپنے پنجوں کو مہارت سے استعمال کیا اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئی تاہم اس کوشش میں اس نے فرش گیلا کردیا کیونکہ جتنا پانی کولر سے نکل رہا تھا اس کا زیادہ حصہ بلی کے پیٹ میں جانے کے بجائے زمین پر گر رہا تھا تاہم پانی پینے کے انداز سے پتہ چلتا تھا کہ بلی کو شدید پیاس لگی ہے مگر طبیعت اس کی ضد ہے کہ وہ پیالے میں رکھے پانی کو منہ نہیں لگائے گی اور جیسے گھر والے کولر سے پانی پیتے ہیں وہ بھی ایسا ہی کریگی اور اس نے بھی ویسا ہی کیا۔ بلیاں ویسے ہی ذہانت کے حوالے سے مقبول ہیں اور نقل میں انکا جواب نہیں ہوتا یہی وجہ ہے کہ نقالی کیلئے کاپی کیٹ کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔ وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ جب اس کی پیاس کم ہوئی اور اسے اطمینان ہوگیا تو اس نے کولر کے قریب سے ہٹ جانا مناسب جانا۔ وڈیو میں گھر کے کسی فرد کی آواز بھی ریکارڈ ہوگئی ہے کہ تھوڑا سا پانی پینے کیلئے اس نے سارا فرش گیلا کردیا ہے جبکہ گھر کے دیگرافراد قہقہے لگاتے رہے۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ وڈیو کب اور کہاں بنی تاہم ایک ، دو دن قبل لندن میں جاری ہونے والی یہ وڈیو سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

شیئر: