Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت میں موجود پاکستانیوں کے مسائل حل کریں گے، اوپی ایف حکام

حافظ محمد شبیر کا اسلام آباد میں او پی ایف کے ہیڈآفس کا دورہ، حکام سے ملاقات کی،اسکیموں میں پاکبانوں کو ترجیح دی جائے گی 
محمدعرفان شفیق۔ کویت
حافظ محمد شبیر ڈائریکٹر پاکستان بزنس سینٹر کویت و کوآرڈینیٹرپاکستان ٹورازم برائے کویت نے گزشتہ روز اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اسلام آباد کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور اوپی ایف کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سے تفصیلی بات چیت کی جس میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا،خاص طور پر پاکستانی بچوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کیلئے درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔ ملاقات کا اہتمام او پی ایف کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کیاجبکہ رانا عقیل، پرسنل اسٹاف آفیسر رفیق غوری، پرسنل اسسٹنٹ طارق منہاس اور راجا شاہد علی نے حافظ محمدشبیر کو خوش آمدید کہا جس پر حافظ محمد شبیر نے چیئرمین او پی ایف اور ان کے اسٹاف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔حافظ محمد شبیر  نے اپنے پورے اسٹاف کو میٹنگ کا حصہ بنایا اور کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل بڑی توجہ سے سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
حافظ محمد شبیر نے او پی ایف کے نمائندگان کو پاکستانی کمیونٹی کویت کو درپیش مسائلِ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے مقیم پاکستانی عمر بھر کی کمائی سے وطن عزیز میں جائیداد وغیرہ خرید لیں تو ان پر قبضہ گروپ اپنا قبضہ جما لیتا ہے جس سے غریب تارکین وطن دہری مشکل میں پھنس جاتے ہیں۔ قانونی جنگ لڑیں تو ملازمت خطرہ میں پڑ جاتی ہے۔بعض اوقات ان کے عزیز رشتہ دار بھی ان کے پلاٹس پر قبضہ کر لیتے ہیںجس پر پرسنل اسسٹنٹ ٹو کمپلینٹ سیل راجا شاہد علی نے یقین دہائی کرائی کہ ایسے معاملات کا ون ٹو ون بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔راجا شاہد علی نے کہا کہ کویت میں ایسے پاکستانی بھائی جنہیں جائیداد پر قبضہ جیسی مشکلات کا سامنا ہو وہ ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں اورایسے افراد کو مکمل طور پر قانونی معاونت فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کویت میں مقیم پاکستانی او پی ممبر شپ کارڈز بنوالیں،اس طرح انہیں نہ صرف کسٹمز ڈیوٹی میں رعایت حاصل ہوگی بلکہ پاکستان میں جائیداد کی خریداری میں بھی انہیں ترجیح دی جائیگی اور اوپی ایف کی اسکیموں میں انہیں سستے داموں پلاٹس بھی مل سکیں گے۔
حافظ محمدشبیر ڈائریکٹر پاکستان بزنس سینٹر کویت نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں میں ان سہولتوں کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان شاء اللہ واپس کویت پہنچ کر آگاہی مہم کا آغاز بھی کریں گے۔دیارغیر میں مقیم پاکستانیوں کے تحفظات دور کیے جائیں تاکہ وہ اپنے سرمائے کو اپنے ملک میں محفوظ تصور کریںاور اپنے ملک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ترغیب دے سکیں۔ اس موقع پر اوور سیز پاکستانیوں کی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔حافظ محمدشبیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کیلئے عدالتوں سے فوری انصاف کے حوالہ سے بھی کوئی طریقہ کار وضح کیا جائے جس پراو پی ایف کے نمائندگان میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اسکے بعد اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹ کے مسئلہ پر گفتگو کرتے ہوئے اوپی ایف حکام نے کہا کہ وہ اس مطالبہ کی پُرزور حمایت کرتے ہیں جیسا کہ قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستیں موجود ہیں۔ اس طرح اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی نشستیں مخصوص کی جا سکتی ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭
 

شیئر: