ریاض .... سعودی سائیکلسٹ ماسکو کےلئے ریاض سے اپنے سفر کا آغاز کر دیا ۔ فہد الیحییٰ نامی سائیکلسٹ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم سے اظہار یکجہتی کےلئے یہ سفر کر رہا ہے ۔ سبق نیوز کے مطابق یحیی نے اپنے سفر کا آغاز ریاض میں شاہ سعود میڈیکل سٹی سے کیا ۔ اس موقع پر اس نے اسپورٹس کمیٹی کے سربراہ کے مشیر ترکی آل الشیخ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے بھر پور تعاون سے یہ سفر ممکن ہو ا ۔سائیکلسٹ کو اس کے سفر پر روانہ کرنے کے لئے شاہ سعود میڈیکل سٹی کے اہم عہدیدار اور دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔ فہد الیحیی نے سائیکل پر ماسکو تک کے سفر کا اعلان کیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ عالمی فٹبال مقابلے میں شریک سعودی عرب کی ٹیم سے اظہار یکجہتی کےلئے سائیکل پر سفر کر کے ورلڈکپ مقابلوں سے قبل ماسکو پہنچے گا ۔اندازے کے مطابق ماسکو تک 5200 کلو میٹر کی مسافت 50 دن میں طے کرے گا ۔ ریاض سے ضباءکی بندرگاہ پہنچ کروہاں سے سمندری جہاز کے ذریعے مصر کی بندرگاہ الغردقہ اترے گا جہاں سے اسکندریہ تک کا سفر سائیکل پر طے کرے گا بعدازاں اسکندریہ سے بذریعہ سمندری جہاز یونان جائے گا جہاں سے بلغاریہ اور رومانہ ، اوکرانہ سے ہوتا ہوا ماسکو پہنچے گا ۔ سعودی سائیکلسٹ کے ہمراہ طبی ٹیم اور خصوصی معاونت کا دستہ بھی اسکے ہمرا ہ سفر کرے گا ۔ اس حوالے سے الیحییٰ کے کوچ اور مینجر کا کہنا تھا کہ سفر کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں راستے کے نقشے اور ہنگامی امداد کی صورت میں ادویات و دیگر اشیائے ضروریہ ہمارے ہمراہ موجود ہے ۔ ضباءتک کے سفر میں پولیس اسکواڈ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے ہلال الاحمر کی ایمبولینس بھی موجود ہوگی ۔