ابھا .... ایئر پورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈوں سے مسافروں کے سامان چوری کئے جانے والی وڈیو سعودی ہوائی اڈوں کی نہیں بلکہ یہ تھائی لینڈائیر پورٹ کی ہے ۔ ائیر پورٹ انتظامیہ کے باخبر ذرائع نے عاجل ویب نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائر ل ہونے والی وڈیو جس میں دکھایا گیا ہے کہ ائیر پورٹ پر ایک کارکن مسافروں کا سامان جہاز میں سوار کرنے سے قبل انکے بکس کھول کر نکال رہا ہے ۔ اس ضمن میں ذرائع کا کہنا تھا کہ وڈیو کسی سعودی ائیر پورٹ کی نہیں بلکہ یہ تھائی لینڈ ایئر پورٹ کی ہے جہاں کے کارکن وڈیو میں واضح دکھائی دے رہے ہیں ۔ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے سامان کو جہاز میں لوڈ کرنے کا نظام قطعی طور پر مختلف ہے ۔ لاﺅنچ سے کنویئر بیلٹ کے ذریعے مسافروں کا سامان مخصوص یارڈ میں جمع کیا جاتا ہے جہاں سے ہر فلائٹ کے لئے انہیں مخصوص مقررہ سیکشن میں پہنچایا جاتا ہے ۔ جس کے بعد سامان مقررہ جہاز میں لوڈ کر دیا جاتا ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مملکت کے ایئر پورٹس پر جہاں مسافروں کا سامان جمع ہوتا ہے نگرانی کا نظام کو انتہائی حساس بنایا گیا ہے تاکہ اس قسم کی وارداتیں نہ ہو ں ۔ سامان میں چوری کی واردات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ ماضی میں اس قسم کی بعض وارداتیں ہوئی تھیں جن کا انکشاف ہونے پر ان کارکنو ںکو نوکری سے برخاست کر دیا گیا جس کے بعد نگرانی کے سسٹم کو مزید حساس بناتے ہوئے سامان کے یارڈ میں انتہائی حساس مانیٹرنگ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے ۔ واضح رہے سوشل میڈیا پر وائر ل ہونے والی وڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جہاز میں سامان لوڈ کرنے سے قبل ملازمین مسافروں کے بکس انتہائی مہارت سے کھول کر ان میں رکھا ہوا قیمتی سامان چرارہے ہیں ۔