کوپن ہیگن..... مقامی چڑیا گھر کی سیر کو آئے ہوئے سیاحوں کو اس وقت سخت خوف وہراس اور سراسیمگی کا سامنا کرنا پڑا جب پنجرے میں موجود شیرنی کو شیر نے انتہائی بیدردی سے حملہ کرکے ہلاک کردیا۔ چڑیا گھر کے ذرائع کا کہناہے کہ یہ سفاک شیر حال ہی میں روسی چڑیا گھر سے آیا تھا مگر چڑیا گھر انتظامیہ نے سوچا تک نہیں تھا کہ شیر سے یہ حرکت بھی ہوسکتی ہے جو لوگوںکو حیران و پریشان کردے۔ موقع پر موجود سیاحوں اوردیگر لوگوں کا کہناہے کہ نامعلوم وجوہ کی بناءپر شیر اور شیرنی کی لڑائی اچانک شروع ہوگئی تھی تاہم لڑائی کی ابتداءکیلئے شیرنی کو ہی ذمہ دار قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ شیرنی کو یہ بات بیحد بری لگی تھی کہ چڑیاگھر انتظامیہ نے اس کے پنجرے میں شیر کو داخل کردیا تھا جبکہ شیر اور شیرنی دونو ںکی نسلیں جدا تھیں۔ یہ سائبیرین نسل کا شیر تھا اور شیرنی کا تعلق کسی استوائی افریقی علاقوں میں پائے جانے والے شیروں کی نسل سے بتایا گیا ہے۔ واضح ہو کہ سائبیرین نسل کا یہ شیر آمور شیر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور عالمی ادارہ حیوانات کے مطابق اسکی نسل سخت خطرات سے دوچار ہے تاہم ایسے 540شیر اب بھی دنیا میں موجود ہیں۔