دوسرا ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کی دعوت پرانگلینڈکے 8وکٹوں پر290رنز
کرائسٹ چرچ:انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین جونی بیئر اسٹو کی97رنز کی شاندار اور ناقابل شکست اننگز نے مہمان ٹیم کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن نسبتاً بہتر پوزیشن پر پہنچادیا ۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 8وکٹوں پر290رنز بنا لئے۔ 94رنز پر انگلینڈ کی5وکٹیں گر چکی تھیں تاہم جونی بیئر اسٹواور مارک وڈ نے بیٹنگ لائن کو ناکامی سے بچا لیا اور 95رنز کی شراکت نے ٹیم کو سنبھلنے کا موقع دیا۔ انگلش بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کرنے میں کیوی بولر ٹم ساوتھی 5وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے جبکہ3 وکٹیں ٹرینٹ بولٹ نے لیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو6 رنزر پر بولٹ نے انگلش اوپنر ایلسٹر کک کو بولڈ کرکے مہمان ٹیم کو پریشانی میں مبتلا کردیا تاہم مارک اسٹومین ، جیمز ونس اور کپتان جوئے روٹ نے اسکور 93رنز تک پہنچا دیا اس اسکور پر پہلے روٹ اور پھر ایک رن کے اضافے پرڈیوڈ ملان اور مارک اسٹونمین وکٹ گنوا بیٹھے لیکن پہلے بین اسٹوکس اور پھر مارک وڈ نے جونی بیئر اسٹو کے اچھی شراکتیں قائم کرکے ٹیم کو سہارا دیا ۔ اسٹوکس25جبکہ وڈ 52رنز بنا کرآوٹ ہوئے ۔ جیک لیچ نے پہلے دن کے آخری مراحل میں کیوی بولرز کا عمدگی سے سامنا کیا اور بیئر اسٹو کےساتھ10رنزبنا کر ناقابل شکست رہے ۔ جونی بیئر اسٹو 97رنز بنا چکے ہیں۔ انگلش کپتان جوئے روٹ نے 37، اوپنرمارک اسٹونمین نے35رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساوتھی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 23اوورز میں60 رنز دے کر 5جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے25اوورز میں79رنزکے عوض3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔پہلے اور ڈے نائٹ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو پہلی اننگز میں صرف58رنز پر آوٹ کرکے اننگز سے فتح سمیٹی تھی، اس میچ میں انگلش ٹیم کا آغاز بہتر رہا۔