Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپیئنزلیگ:رونالڈو کےجادوئی گول سےرئیل میڈرڈ کی فتح

 
ٹورین، اٹلی:کرسٹیانو رونالڈو نے ایک مرتبہ پھر اپنے جادوئی کھیل سے ریئل میڈرڈ کو اطالوی کلب جوونٹس کے خلاف اس کے ہوم گراونڈ پر0-3کی بڑی شکست سے دوچار کر دیا۔رونالڈو نے 2گول کئے اور ان کے دوسرے سائیکل کک گول کو چیمپیئنز لیگ کی تاریخ کا بہترین گول قرار دیئے جانے کے حوالے سے بھی بحث چھڑ چکی ہے ۔یہ ایسا گول تھا کہ 40ہزار سے زائد تماشائی، جن میں اکثریت جوونٹس کے حامیوں کی تھی ، بے اختیار کھڑے ہو کر رونالڈو کو داد دینے پر مجبور ہو گئے۔چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنلز میں پہلے مرحلے کے میچ میں شرکت کیلئے ہسپانوی کلب کی ٹیم اٹلی کے شہر ٹورین گئی تھی ۔ میچ کے دوران رونالڈو نے ابتدائی3 منٹ میں رئیل میڈرڈ کو برتری دلا تے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔پہلا ہاف0-1 سے رئیل میڈرڈ کی برتری پر اختتام کو پہنچا۔ اطالوی ٹیم کھیل کے کسی مرحلے پر مہمان ٹیم کےلئے مسئلہ نہیں بن سکی اور غیر متوقع طور یہ میچ بڑی حد تک یکطرفہ رہا۔ دوسرے ہاف کے دوران 64ویں منٹ میں رونالڈو ایک مرتبہ پھر ایکشن میں آئے ، ساتھی کھلاڑی ڈینی کارویجل کے کراس پر انہوں بہت مشکل زاویے سے قلابازی کھاتے ہوئے اوور ہیڈ ،قینچی یاسائیکل کک لگائی اور دنیا کے بہترین گول کیپرز میں سے ایک گیگی بفون کو اپنی جگہ سے ہلنے کا موقع بھی نہیں ملا اور گیند جال میں چلی گئی۔اس گول کے ساتھ ہی اسکوررئیل میڈرڈ کے حق میں0-2ہوگیا ۔ فٹبال ماہرین کے مطابق اسی گول نے اس میچ کا فیصلہ بھی کردیا تھا۔8منٹ کے بعد مارسیلو نے رئیل میڈرڈ کا تیسرا گول کردیا۔جوونٹس نے گزشتہ سال رئیل میڈرڈ کے خلاف چیمپیئنز لیگ کا فائنل کھیلا تھا اور اس میچ کے بعد یہ محسوس ہو رہا ہے کہ ان کےلئے کوارٹر فائنل تک رسائی بھی آسان نہیں ہوگی۔ کوارٹر فائنل مرحلے کا دوسرا میچ اب میڈرڈ میں ہوگا جس میں جوونٹس کو کم از کم0-4سے فتح کی ضرورت ہوگی اور اسی صورت میں وہ دفاعی چیمپیئن کی جگہ فائنل کھیل سکے گی۔

شیئر: