پاکستانی کوہ پیما لٹل کریم کی کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات
میڈرڈ:پاکستان کے شمالی علاقوں میں ہیرو کا درجہ رکھنے والے کوہ پیما لٹل کریم نے فٹبال کے معروف پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سے اسپین میں ملاقات کی۔ اس موقع پر لٹل کریم کا بیٹا بھی ان کے ہمراہ تھا۔ کرسٹیانورونالڈونے لٹل کریم کے ساتھ7نمبر کی شرٹ بھی تبدیل کی۔فٹبال میچوں میں کرسٹیانو رونالڈو اور کوہ پیمائی کے دوران لٹل کریم 7نمبر کی شرٹ استعمال کرتے ہیں اور یہی ان دونوں میں قدر مشترک ہے ۔ دنیا بھر کے کوہ پیماوں کے ساتھ کے ٹو سرکرنے والے لٹل کریم یورپ کے کوہ پیماوں میں اپنے چھوٹے قد کے باعث لٹل کریم کے نام سے معروف ہیں۔لٹل کریم کی ایک وجہ شہرت یہ بھی ہے کہ انہوں نے انتہائی سخت موسم میں سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو دریا میں ڈوبنے سے اس وقت بچایا تھا جب کوئی شخص اس خاتون کو دریا سے نکالنے کےلئے پانی میں کودنے کو تیار نہیں تھا۔لٹل کریم 8 ہزار میٹر سے بلند5 سے زائد پہاڑ سر کر چکے ہیں ،ان کو عالمی شہرت اس وقت ملی جب فرانس میں ان کی زندگی پر ڈاکومنٹری فلم بنائی گئی اور اس فلم کا نام بھی لٹل کریم رکھا گیا۔لٹل کریم کی زندگی پر بننے والی فلم کو یورپ میں بیسٹ فلم ایوارڈ دیا گیا۔لٹل کریم 1997 میں بیسٹ ڈاکیومنٹری فلم کی جیوری کمیٹی کے صدر منتخب ہوئے جس کے بعد انہیں فرانس مدعو کیا گیا تھا ۔