انقرہ ..... ترکی کے شمال مغربی صوبے کی یونیورسٹی میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ترکی میں واقع عثمان غازی یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، فائرنگ یونیورسٹی میں ریسرچ اسسٹنٹ کے عہدے پر فائز شخص نے کی جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔غیر ملکی رساں ادارے کے مطابق مسلح شخص کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد میں ڈپٹی ڈین، سیکریٹری اور 2 اساتذہ شامل ہیں۔ مسلح شخص کی شناخت بلقان ڈی کے نام سے ہوئی ہے ۔ اس نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ واقعہ کے بعد یونیورسٹی میں تدریسی عمل معطل کردیا گیا اور پولیس کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ کے اہل کاروں نے جامعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ فوری طور پر فائرنگ واقعہ کی وجوہات سامنے نہےں آسکےں۔