نواز شریف عوامی مسائل حل کرسکتے ہیں، مرزا الطاف حسین
چوہدری اختر کے زیر اہتمام تقریب میں مسلم لیگ کے رہنماؤں کی شرکت
ذکاء اللہ محسن-ریاض
مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر مرزا الطاف حسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف ہی قوم کے حقیقی لیڈر ہیں جو عوام کے دکھ درد کو سمجھتے ہیں۔وہ عوامی مسائل کو حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری اختر کی جانب سے دئیے گئے عشائیے کے موقع پر کیا۔
مرزا الطاف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو عدلیہ کے فیصلے کے بعد وزارت عظمیٰ کا منصب تو چھوڑنا پڑا مگر عوام عدالت کے اس فیصلے کو ماننے کو تیار ہی نہیں بلکہ عالمی قانونی مبصرین بھی اس عدالتی فیصلے پر سوالیہ نشان لگا رہے ہیں۔2018 کا الیکشن کارکردگی کی بنا پر لڑا جائیگا اور الحمداللہ مسلم لیگ ن کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔
عشائیے کے میزبان چوہدری اختر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن عوامی جماعت ہے اور ہمیں اپنے لیڈر نوازشریف پر فخر ہے۔ ان کے خلاف مشرف دور میں بھی کڑا احتساب کیا گیا مگر کرپشن کی ایک پائی بھی ثابت نہ ہوسکی، اب بھی کئی ماہ گزر جانے کے باوجود کرپشن کرپشن کا شور ڈالا جا رہا ہے مگر ثابت کچھ نہیں کیا جا رہا۔عشائیے میں مسلم لیگ ن ریاض کی مقامی قیادت بھی موجود تھی۔