علی جہانگیر کی تعیناتی کیلئے قانونی قدغن نہیں ،وزیر خارجہ
اسلام آباد... سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی میں کوئی قانونی اور آئینی قدغن حائل نہیں۔ ۔سینیٹ اجلاس میں نکتہ اعتراض پروزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں سفراءکی تعیناتی کے لئے پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹیوں سے اجازت لینے کے حوالے سے آئین میں کوئی قدغن نہیں۔اگر ایسی اجازت لینی ہے تو اس کےلئے آئین میں ترمیم کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں 4 ہزار سے زائد تقرریاں سینیٹ کی منظوری سے ہوتی ہیں تاہم پاکستان میں ایگزیکٹو کو سفراءتعینات کرنے کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی جہانگیر صدیقی کےخلاف اس وقت نیب میں کوئی کیس نہیں اور نہ انہیں کوئی سزا ہوئی ہے۔صرف ایک انکوائری چل رہی ہے۔اسی طرح نیب میں مختلف سیاستدانوں کے خلاف انکوائریاں ہو رہی ہیں اور مقدمات بھی ہیں۔ اگر کسی کو سزا ہو جائے تو پھر کسی کی تقرری رک سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تقرریاں اگر پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹیوں کی منظوری سے کرنے کیلئے آئین میں ترمیم ہو جائے تو یہ بھی جمہوریت کے استحکام کی طرف ایک قدم ہوگا تاہم اس کے لئے آئین میں ترمیم کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ سفیروں کی تعیناتی کے لئے 20 فیصد کوٹہ ہے ۔ ماضی میں بھی وزارت خارجہ کے افسران سے ہٹ کر امریکہ میں پاک فوج کے ریٹائرڈ افسران، سیاستدانوں اور کاروباری شخصیات سے سفراءتعینات ہوتے رہے ہیں۔