پاکستانی صحافیوں کے وفد کی کنگ عبدالعزیز مرکز کے سربراہ سے ملاقات
ریاض.... پاکستانی خبررساں ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل مسعود ملک کی زیر قیادت پاکستانی صحافیوں کے ایک وفد نے کنگ عبدالعزیز قومی مکالمہ مرکز کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ الفوزان سے ریاض میں ملاقات کی۔ الفوزان نے پاکستانی وفد کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مرکز مختلف تہذیبوں کے ساتھ افہام و تفہیم کے راستے قائم کرنے ، اغیار کے ساتھ مکالمے اور تمدنی ربط و ضبط پیدا کرنے میں دلچسپی لے رہا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب ویژن 2030 اور قومی تبدیلی پروگرام 2020 ءکے تحت بین الاقوامی و انسانی ورثے کے فروغ اور علوم و معارف کے تبادلے کی جہد میں اچھا خاصا سفر طے کرچکا ہے۔ پاکستانی وفد مختلف چینلز کے سربراہوں پر مشتمل ہے ۔ مسعود ملک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اہل پاکستان سعودی عرب اور اسکی قیادت سے قلبی تعلق رکھتے ہیں۔