ماسکو....روسی صدر ولادمیر پوٹین نے خبردار کیا ہے کہ عالمی حالات تیزی کے ساتھ تشویشناک ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں کسی بھی وقت کوئی بڑا المیہ رونما ہوسکتا ہے۔ماسکو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر پوٹین نے کہا کہ ہم عالمی قانون کا مکمل احترام کریں گے۔ توقع ہے کہ دنیا عقل اور فہم و فراست کا مظاہرہ کرے گی اور بین الاقوامی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ان کا ملک ٹویٹس کی سفارت کاری میں شامل نہیں ہوگا بلکہ وہ ٹھوس قربت پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے یہ بات اس وقت کی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شام کے معاملے پر روس پر ٹویٹس کے ذریعے کڑی تنقید اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ شام میں دوما کے مقام پر کیمیائی حملے کے بعد دمشق کے خلاف فوجی کارروائی کےلئے تیار ہیں۔