آگرہ۔۔۔۔۔ہندوستان کی تاریخی عمارت تاج محل کے جنوب میں واقع شاہی دروازہ کے مینارپر نصب گنبد گرگیا۔ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی سے جوحصہ گرا اس سے تاج محل کے ایک چھوٹے سفید گنبد کو بھی نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق یہ آندھی کل شام ساڑھے 7بجےچلنا شروع ہوئی جس سے چھوٹا سفید گنبد بھی متاثر ہوا۔8 فٹ کا مینار جو صدر دروازہ کا حصہ ہے اس کو دروازہ روضہ بھی کہا جاتا ہے ۔ اس دروازہ سے ہی سیاحوں کو تاج محل کی پہلی تصویر دکھائی دیتی ہے ۔ واضح رہے اس سے قبل سال2016 میں بھی تاج محل کے مینار کو نقصان پہنچا تھا۔ اس وقت اے ایس آئی نے اس کا الزام بندروں پر ڈالنے کی کوشش کی تھی ۔آندھی اتنی شدید تھی کہ متعدد درخت اور بجلی کے کھمبےاکھڑ گئے ، متھرا میں 4 افراد اور بجنور میں ایک شخص کی موت ہو گئی ۔ ایک دوسرے واقعہ میں 3 بچے اور ایک70 سالہ خاتون آندھی کی زدمیں آکر ہلاک ہوگئی ۔ تاج محل کو دنیا کا آٹھواں عجوبہ کہا جاتا ہے۔ اس کی حفاظت اور دیکھ بھال کیلئےمختلف تنظیمیں حکومت سے بہتر انتظامات کی طرف توجہ مبذول کراتی رہتی ہیں۔