چیمپیئنزلیگ سیمی فائنلز: ریئل میڈرڈ بمقابلہ بائرن میونخ،لیور پول بمقابلہ روما
نیون ، سوئٹزر لینڈ: چیمپیئنز لیگ فٹبال ایونٹ کے سیمی فائنلز کے لئے ڈرا کا اعلان ہو گیا۔ دفاعی چیمپیئن ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کامقابلہ جرمنی کے کلب بائرن میونخ سے ہوگا جبکہ انگلش کلب لیور پول اطالوی کلب روما کے خلاف کھیلے گا۔قواعد وضوابط کے تمام سیمی فائنلز میں مد مقابل ٹیمیں2مراحل میں ایک دوسرے کے خلاف2میچ کھیلیں گی اور ان میچوں کے مجموعی گول کی بنیاد پر فائنل تک پہنچنے والی 2ٹیموں کا فیصلہ ہوگا۔دونوں ٹیمیںایک میچ ہو م گراونڈ اور دوسرا حریف ٹیم کی میزبانی میں کھیلے گی۔اس سلسلے کا پہلا مرحلہ 24اور 25اپریل کو جبکہ دوسرا مرحلہ یکم اور2مئی کو ہوگا۔بائرن میونخ اور ریئل میڈرڈ کا پہلا سیمی فائنل میونخ میں جرمن ٹیم کے گراونڈ پر ہوگا جبکہ دوسرے مرحلے میں جرمن ٹیم اسپین جاکر میڈرڈ میں ریئل میڈرڈ سے مقابلہ کرے گی۔اسی طرح لیور پول اور روما کا پہلے مرحلے کا سیمی فائنل لیور پول میں ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل کےلئے لیور پول کو روم جانا ہوگا۔یورپ کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل یوکرین کے شہر کیف میں ہوگا۔