Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسی کی بے عزتی تو نہ کرو،سعد رفیق

لاہور...وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مجھے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر تحفظات ہیں لیکن مجھے جیسے ہی ان کی بذریعہ ریل کار لاہور آمد کا معلوم ہوا سی ای او کو فون کر کے انہیں سیکیورٹی اور پروٹوکول دینے کی ہدایت کی ۔ جب ہم کسی کی عزت نہیں کریں گے تو کوئی آپ کی بھی عزت نہیں کرے گا ۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی سے اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہر کسی کی اپنی عزت بھی ہوتی ہے ۔ اس کا خیال کرنا چاہیے ، جو شخص جتنا با اختیار ہوتا ہے اسے اتنا خیال کرنا چاہیے ۔ کسی کو گھسیٹ کر ،تضحیک کر کے ،ٹا ئٹ کر کے ملک نہیں چلتے ۔یہ کوئی بنانا ری پبلک نہیں ۔اگر کوئی وضاحت دےدے تو اس پر اعتماد کرلینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ گورا ہمیں بات کرنے سے نہیں روک سکا ۔ ایوب خان ، یحیٰ خان او رذوالفقار بھٹو جس نے میرے والد کی جان لی وہ ہمیں بات کرنے سے نہیں روک سکا ۔ بات نہیں کریں گے تو سانس رک جائے گی ۔ اگر بات نہیں کر سکتے تو پھر مر جانا چاہیے ۔ انہوںنے جسٹس اعجاز الاحسن کی رہا ئش پر فائرنگ کے واقعہ کو وحشیانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک دشمنی ہے ۔۔ ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنی عدلیہ کی حفاظت کرے اور اس کے ساتھ کھڑی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آج جو وقت ہے وہ گزر جائے گا۔مشرف کے8 سال پلک جھپکتے گزر گئے یہ بھی گزر جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اعلیٰ عدلیہ سے اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ پوری ایمانداری کے ساتھ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ساڑھے چا ر سال بھرپور محنت کی ہے لیکن گزشتہ 6ماہ سے ہمیں کام کرنے کا مزہ نہیں آیا ۔ ایک ہاتھ سے اپنا دفاع اور ایک ہاتھ سے کام کر رہے ہیں۔حالات پر امن انتقال اقتدار کی طرف جانے چاہئیں اور عزت سے جائیں ۔ انتخابات کے لئے سازگار ماحول ہونا ضروری ہے ۔ کھینچا تانی ، جوڑ توڑ اور رگیدنے کے ماحول سے بعض اوقات بڑا نقصان ہونے کا خطرہ ہوتا ہے ۔ ماضی میں اکثریت کے فیصلے کو تسلیم نہ کرنے سے یہ ملک ٹوٹ گیا ۔ آج ہم اس صورتحال کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ بڑی مشکل سے چیزیں جڑی ہیں ۔ ووٹر ٹاک شوز سے متاثر ہو کر نہیں بلکہ زمینی حقائق کے مطابق فیصلہ کرتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر کسی کی عزت نہیں کر سکتے تو کسی کی بے عزتی بھی نہیں کرنی چاہیے ۔ 
مزید پڑھیں:سعد رفیق روسٹرم پر آئیں،لوہے کے چنے بھی ساتھ لائیں

شیئر: