ڈائلسڈن ، مانچسٹر..... یہاں جاری ہونے والی ایک وڈیو لوگوں کی دلچسپی کا ساما ن بھی بن گئی ہے اورعبرت کا ذریعہ بھی۔ وڈیو میں صاف نظر آتا ہے کہ ایک شخص جس نے مقامی ٹریول ایجنسی سے کچھ نقد رقم اڑائی تھی کسی طرح ایجنسی سے باہر آنے کے بعد مسروقہ رقم کو اپنی جیب میں ڈالنے کی کوشش کے دوران ا س سے محروم ہوگیا کیونکہ باہر چلنے والی تیز ہوا نے اس کے حواس گم کردیئے تھے اور چوری کا احساس بھی اس کے اعصاب پر طاری تھا۔ نتیجہ یہ کہ مسروقہ رقم تیزہواﺅ ںمیں اسی طرح اڑ گئی جس طرح اس نے ٹریول ایجنسی سے رقم اڑا کر اپنی پتلون کی جیب میں جیسے تیسے ڈال لی تھی۔ پولیس کا کہناہے کہ چوری کے اس عجیب و غریب واقعہ میں یقینی طور پر دو افراد ملوث تھے جنہیں سرگرمی سے تلاش کیا جارہا ہے تاہم خفیہ کیمرے نے ان دونوں کی واضح تصویر محفوظ کرلی ہے۔ اس لئے امید کی جاتی ہے کہ انکی گرفتاری جلد عمل میں آئیگی۔ جاری ہونے والی وڈیو میں صاف پتہ چل رہا ہے کہ ٹریول ایجنسی سے رقم چرانے والا اور اسکا ساتھی ایجنسی سے باہر نکلتے ہی تیزی سے بھاگ رہے ہیں اوران کی اسی تیز رفتاری نے ہوا کی رفتا ر بھی بڑھا دی نتیجہ یہ ہوا کہ حرام کی رقم حرام میں چلی گئی۔ رقم تو انکے ہاتھ آکر چلی گئی مگراب وہ دونوں کسی بھی وقت پولیس کے ہاتھ لگ سکتے ہیں۔ پولیس کا کہناہے کہ ٹریول ایجنسی سے نکلنے کے بعد یہ لوگ کریون اسٹریٹ پر پہنچے اور وہاں سلور رنگ کی ایک کار میں بیٹھ کر کہیں فرار ہوگئے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں اس چوری اور چوروں کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر بلا جھجھک پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس حکام کا کہناہے کہ خفیہ کیمرے کی تیار کردہ وڈیو میں نظر آنے والے دونوں افراد سے ہم بات کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے یہ واحیات حرکت کیوں کی؟ تاہم اس قسم کے جرائم کرنے والے کیلئے بھی یہ سبق ہے اور انہیں سمجھنا چاہئے کہ اس طرح لوٹی ہوئی رقم مصیبت تو بن سکتی ہے اس سے کوئی راحت نہیں مل سکتی۔