پاکستان بھر میں پولیوکےخلاف 5سال سے کم عمر کے 3کروڑ 77لاکھ 10ہزار بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کی مہم 3روز کے بعد جمعہ کو ختم ہوگئی۔ مہم کا آغاز 9اپریل سے 3روز کےلئے ہوا تھا جس کےلئے 2اضافی دن مقرر کئے گئے تھے۔ پولیو مہم کےلئے مجموعی طور پر ملک بھر کے 5 سال سے کم عمر کے 3 کروڑ 77 لاکھ 10 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاو¿ کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس کے تحت پنجاب کے ایک کروڑ 93 لاکھ 80 ہزار، سندھ کے 88 لاکھ 50 ہزار، خیبر پختونخوا کے 57 لاکھ 30 ہزار، صوبہ بلوچستان کے 24 لاکھ 60 ہزار فاٹا کے 10 لاکھ بچے، آزاد جموں و کشمیر کے 7 لاکھ بچے، گلگت بلتستان 2 لاکھ 38 ہزار جبکہ اسلام آباد کے 3 لاکھ 30 ہزار بچے شامل ہیں جنہیں پولیو سے بچاو¿ کے حفاظتی قطرے پلائے جاسکے۔
عمومی طور پر اس مہم کا دورانیہ 3 روز پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ 2 دن اضافی رکھے گئے جس کے دوران پولیو وائرس کے حوالے سے انتہائی تشویشناک قرار دیئے گئے علاقوں میں پولیو مہم جمعہ کو بھی جاری رہی۔ مہم کے دوران 6 سے 59 ماہ کے درمیان عمر کے 3 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو¿ کے حفاظتی قطروں کے علاوہ وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے گئے تاکہ ان بچوں میں موذی مرض خسرہ کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ کیا جا سکے۔ ملک بھر میں 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد نے مہم میں حصہ لیا۔جن میں 24 ہزار 661 ایریا انچارج، 7 ہزار 977 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز، ایک لاکھ 90 ہزار 573 افراد پر مشتمل موبائل ٹیمیں، 10 ہزار 235 پولیو ورکرز پر مشتمل مستقل ٹیمیں جبکہ شہروں اور قصبوں کے داخلی و خارجی راستوں پر خدمات سرانجام دینے والے 12 ہزار 148 ورکرز بھی شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭