خوبصورت فوارہ حمام میں تبدیل
ٹائن سائڈ، ساؤتھ شیلڈز.... بعض لوگ فطری طور پر یا اپنی منفی جبلت کے نتیجے میں اتنے غیر ذمہ دار ہوتے ہیں کہ انکی غیر ذمہ داری کو جہالت کے بجائے کمینگی اور بدخصلتی سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں ایک خوبصورت فوارے کے ساتھ کسی غیر ذمہ دار شخص نے کردیا ہے اور لوگوں کا کہناہے کہ اس غیر ذمہ دارانہ حرکت سے وائلڈ لائف کو سخت خطرات لاحق ہوگئے ہیں کیونکہ کسی نے اس کے اندر سرف یا صابن ڈال دیا ہے جس کی وجہ سے فوارے کا پورا حوض جھاگ سے بھر گیا اور ان جانوروں بالخصوص پرندوں کی جان خطرے میں پڑگئی ہے جو یہاں سے پانی پیتے تھے۔ اطلاعات کے مطابق مقامی بلدیاتی کونسل نے 20ہزار پونڈ کی لاگت سے بنے اس فوارے کا افتتاح 1890ء میں کیا تھا۔ اس طرح یہ نہ صرف تاریخی فوارہ تھا بلکہ اگر آج کے حساب سے جوڑا جائے تو 20ہزار پونڈ کی رقم کروڑوں پونڈ تک پہنچتی ہے۔فوارے کا پانی خراب ہوجانے کی وجہ سے آس پاس رہنے والے چرند پرند بھی نقل مکانی کرسکتے ہیں اور پورا علاقہ سنسان ہوسکتا ہے۔