اناؤ اور کٹھوعہ کے بعدسورت اور روہتک میں بچیوں سے زیادتی
سورت۔۔۔۔یکے بعد دیگرے زیادتی کی وارداتوں نے ملک کے عوام کا سر شر م سے جھکا دیا۔ اناؤ اور جموں کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کی 8سالہ بچی آصفہ سے اجتماعی زیادتی و قتل کی گتھی سلجھی بھی نہیں کہ سورت اور روہتک میں8اور10سال کی بچیوں کے ساتھ زیادتی و قتل کے واقعات نے لوگوں کے جذبات کو جھنجھوڑ کررکھ دیا۔
اتر پر دیش کے اناؤ میں زیادتی کے ملزم بی جے پی کے رکن اسمبلی شامل ہیں تو جموں کے کٹھوعہ میں زیادتی اور قتل کی وارادت میں سماج کا گھناؤنا چہرہ سامنے آیا ۔سورت اور روہتک میں بچیوں سے زیادتی وقتل کا واقعہ رونما ہوا ۔روزانہ کہیں نہ کہیں زیادتی کے واقعات ہورہے ہیں ۔ ایسا لگتا ہے کہ بچیوں کے محافظ اور معاشرے کی اصلاح و تربیت کرنیوالے ذمہ دار افراد کہیں چلے گئے یا آنکھیں موند لی ہیں۔
*سورت کا واقعہ
سورت میں 10سالہ بچی سے زیادتی کرنے کے بعد قتل کردیا گیاجس کی شناخت ابھی تک نہ ہوسکی۔پولیس نے مرنیوالی بچی کی فوٹو کے ساتھ 1200پوسٹر لگائے ہیں۔شہر اور ٹرینوں میں بھی بچی کی شناخت کیلئے پوسٹر چسپاں کئے گئے ۔ملک بھر کے تقریباً8ہزار گمشدہ بچوں کی پہچان کرائی گئی ۔
بچی کے ڈی این اے اور خون کے نمونے لیباریٹری بھیج دئیے گئے ہیں۔پولیس نے بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعہ کے بعد افواہ اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کے الزام میں 3افراد کو گرفتار کرلیا۔
سورت پولیس نے بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعہ میں ملوث افراد کی بابت معلومات فراہم کرنے والے کو 20ہزار روپے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔
*روہتک کا واقعہ
ہریانہ میں روہتک کے علاقے ٹیٹولی گاؤں کی نہر میں ایک بیگ میں بند تقریباً8سال کی بچی کی نعش ملی جو ناقابل شناخت ہے۔پولیس اور ایف ایس ایل کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لیا اور تحقیقات شروع کردی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واقعہ کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔اطلاعات کے مطابق بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جس کے آثار نمایاں ہیں۔