Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں محرومیوں کا خاتمہ ضروری ہے،ناصر جنجوعہ

  اسلام آباد... وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر  جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو قیام امن کیلئے سب سے زیادہ اخراجات کر رہا ہے۔نائن الیون کے بعد سے دہشت گردی کے خلاف جاری مسلسل جنگ کے نتیجے میں خطے کو دہشت گردی کی لعنت سے صاف کیا جا چکا ۔ضرب عضب اور ردالفساد میں پوری قوم شامل ہے۔فاٹا میں اب کوئی دہشت گرد موجود نہیں ۔بلوچستان میں قیام امن کیلئے محرومیوں کا خاتمہ ضروری ہے ۔ دوسری گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ہمارا معاشی مرکز ہے جہاں زندگی متاثر تھی۔ حکومت، عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مل کر کراچی میں امن و امان قائم کیا۔ زندگی معمول پر آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بلوچستان میں تعینات رہا ہوں۔ بلوچستان ہمارے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو مجموعی رقبے کے 44 فیصد پر قائم ہے۔ صوبے میں امن و امان کےلئے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کےلئے محرومیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ مقامی لوگوں کے احساس محرومی کو ختم کرنا ہے جس سے وہ منفی سوچ کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے منفی رجحانات کو ختم کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ قومی تشخص کو اجاگر کریں اور منفی رجحانات رکھنے والوں کو سمجھائیں۔ یہی وہ حکمت عملی ہے جس سے بلوچستان میں دیرپا امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پیار سے لوگوں کو راہ راست پر لا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: امن کے فوائد عوام تک پہنچیں گے ،کورکمانڈرزکانفرنس

شیئر: