جرمنی میں پیدا ہونے والے قطبی ریچھ کی پہلی تیراکی اور چہل قدمی
گلیسن کریشن، مغربی جرمنی..... گزشتہ سال 4دسمبر کو مقامی چڑیا گھر میں ایک قطبی ریچھ نے بچی کو جنم دیا تھا توپورے ملک میں دلچسپی کی ایک لہر دوڑ گئی تھی کیونکہ یہ جرمنی کی تاریخ میں پیدا ہونے والا پہلا پولر بیئر تھا۔ اتنے دنوں تک اس بچی کی دیکھ بھال بہت اچھے طریقے سے کی گئی اور اب اتنے دنوں بعد نانوک نامی یہ بچی پہلی بار اپنی13سالہ ماں لارا کے ساتھ غار سے باہر نکلی تو دیکھنے والے خوشی سے جھوم اٹھے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ وہ اپنے غار نما ٹھکانے سے باہر نکلی تھی۔ اس موقع پر تیار ہونے والی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ باہر آنے کے بعد نانوک اپنے انکلوژر کو گھوم گھوم کر دیکھتی رہی اور بیرونی دنیا سے لطف اندوز ہوتی رہی۔ اس کی باڈی لینگویج صاف بتا رہی تھی کہ وہ باہر آکر بیحد خوش ہے۔ نانوک کی پیدائش گزشتہ سال 4دسمبر کو ہوئی تھی۔ غار سے باہر نکلنے کے بعد پہلی بار نانوک نے تیراکی بھی کی اور چہل قدمی کرکے مزے بھی لئے۔ کہا جاتا ہے کہ مغربی جرمنی کے گیلسن کریشن چڑیا گھر میں پیدا ہونے والی نانوک کے ساتھ اسکی ماں نے دو اور بچوں کو جنم دیا تھا جو پیدائش کے دوسرے دن ہی چل بسے تھے۔ اب نانوک کی عمر 18ہفتے ہوچکی ہے اور وزن 22کلو گرام تک پہنچ گیا ہے۔ اسکا نام تفریحی پارک کی سیاحت کو آنے والے لوگوں نے 4مختلف الفاظ کو مخفف کرکے بنایا ہے۔ چڑیا گھر کی ویب سائٹ نے سیاحوں کو 4مختلف الفاظ دیئے تھے اور ان میں سے کوئی ایک لفظ منتخب کرنے یا مختلف حروف کو جوڑ کر ایک نیا نام تشکیل دینے کی دعوت دی تھی۔ نانوک کا لفظ جانوروںکی لفظیات میں قطبی ریچھ کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ جسے تمام ریچھوں میں ممتاز سمجھا جاتا ہے۔ وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ باہر کی سیر کے دوران نانوک اپنے ماں کے ساتھ قدم بقدم چل رہی تھی۔ کئی مواقع پر اسے لڑکھڑاتے ہوئے بھی دیکھا گیا جبکہ تیراکی کے دوران وہ کسی پریشانی میں نظرنہیں آئی۔