Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکھو ں کو اکسانے کا الزام بے بنیادہے ،دفتر خارجہ

اسلام آباد... ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ ہندوستانی سکھ یاتریوں کو خالصتان معاملے پر اکسانے کی کوشش کے ہندوستانی الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے سکھ یاتریوں کو خالصتان کے معاملے پر اکسانے کے الزامات کو مسترد کردیا ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ، ہند سمیت دنیا بھر کے ہندو اور سکھ یاتریوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔ تاہم ہند کی جانب سے حقائق کو مسخ کرنے کے لئے غیر اخلاقی و بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے دورے کے حوالے سے ہند الزامات کے ذریعے جان بوجھ کر تنازع پیدا کررہا ہے جو افسوسناک ہے۔ نئی دہلی سے نمائندہ اردونیوز مطابق ہندنے پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے سکھ زائرین کے سفر پاکستان کے دوران خالصتان مسئلہ اٹھانے کی کوششوں پر احتجاج کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سے کہا گیا کہ وہ اس قسم کی تمام سرگرمیاں جو ہندوستان کی خود مختاری، اقتدار اعلیٰ،علاقائی یکجہتی اور فرقہ واریت کے جذبات بھڑکانے کے مقصد سے کی جارہی ہیں، فوری طور پر بند کر دے ۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بیساکھی کے تہوا ر پر سکھ زائرین کی پاکستان آمد کے موقع پر اشتعال انگیز بیانات پر پوسٹروں کے توسط سے خالصتان کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔ اس سے قبل بھی پاکستان ہندوستانی یاتریوں کے دورے کے دوران متنازعہ معاملات اٹھا کردونوں ممالک کے درمیان زائرین کے دوروں کے تبادلہ کے حوالے سے 1974میں طے دو طرفہ سفری آداب کی بارہا خلاف ورزی کرچکا ہے۔
مزید پڑھیں:شام کی سنگین صورتحال پر نظر ہے ،پاکستان

شیئر: