Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو نے ریئل میڈرڈ کو شکست سے بچا لیا

میڈرڈ:کرسٹیانو رونالڈو ایک مرتبہ پھرٹیم کی مدد کو آئے اور لا لیگا میچ میں ریئل میڈرڈ کو ایتھلیٹک بلباو کے خلاف شکست سے بچاتے ہوئے مقابلہ1-1 سے برابر کر دیا اور یوں ناکامی سے محفوظ رہنے کے ساتھ میزبان ٹیم ایک قیمتی پوائنٹ بھی بچانے میں کامیاب ہو گئی۔یہ میچ ریئل میڈرڈ کے ہوم گراونڈ پر کھیلا گیا جس میں 14ویں منٹ کے دوران بلباو کے فارورڈ ایناکی ولیمز نے گول کرکے مہمان ٹیم کو برتری دلائی ۔ ولیمز نے ریئل میڈرڈ کے گول کیپر کیلور نیواس کو بہت خوبصورتی سے چکمہ دے کر گیند کو جال میں پہنچایا۔ پہلے ہاف کے دوران نسبتاً بہتر کھیل کے باوجود ریئل میڈرڈ میچ برابر کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور کئی مواقع ضائع کردیئے ۔ دوسرے ہاف کے دوران ایتھلیٹک بلباو نے کھیل پر کنٹرول حاصل کئے رکھا لیکن وہ بھی ریئل کی دفاعی لائن کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ۔ ان کے کھلاڑی راہول گارشیا نے ایک بہت اچھی شاٹ لگائی تھی لیکن بال گول پوسٹ سے ٹکرا کر باہر چلی گئی اور یوں بلباو اپنی برتری دگنی نہیں کر سکی۔ اس کے بعد یوں محسوس ہونے لگا تھا کہ ریئل میڈرڈ کو ہوم گراونڈ پر اس سیزن کی چوتھی شکست سے دوچار ہونا پڑے گا تاہم مقررہ وقت کے ختم سے صرف3منٹ پہلے رونالڈو نے ساتھی کھلاڑی لیوک موڈرچ کے ایک پاس پر بال کو اپنی ایڑی کی انتہائی خفیف ضرب سے گول میں پہنچا کر میچ برابر کردیا ۔یہ چیمپیئنز لیگ کے پہلے سیمی فائنل سے قبل ریئل میڈرڈ کیلئے میچ پریکٹس کا آخری موقع بھی تھا جس میں وہ زیادہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی۔ اب رونالڈو اور ان کی ٹیم جرمنی روانہ ہو جائے گی جہاں اس نے جرمن کلب بائرن میونخ کے خلاف چیمپیئنز لیگ سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں شرکت کرنی ہے۔

شیئر: