چشموں اور طبی آلات سیکٹر میں سعود ی نوجوانوں کےلئے فنی تربیت کا انتظام
ریاض ..... چیمبر آف کامرس کی جانب سے طبی آلات ، چشموں اور گھڑیوں کی دکانوں کےلئے مقامی نوجوانوں کو روزگار دینے کی مہم شروع کر دی گئی ۔ایوان صنعت و تجارت نے مذکورہ شعبوں میں 598 اسامیوں کا اعلان کیا ہے جن پر امیدواروں سے کوائف وصول کئے جارہے ہیں ۔ عاجل ویب نیوز کے مطابق وزارت محنت کی جانب سے نئے ہجری سال کے آغاز سے متعدد شعبے جن میں نظر کے چشموں کی دکانیں ، طبی آلات ، تعمیراتی سامان فروخت کرنے والے شورومز و دیگر شعبے شامل ہیں، میں مکمل طور پر سعودائزیشن کا اعلان کیا جا چکا ہے ۔ مذکورہ شعبوں میں غیر ملکی کارکنوں کی جگہ سعودی کام کریں گے۔ اس حوالے سے ایوان صنعت و تجارت نے چشموں اور طبی آلات فروخت کرنے والے اداروں کے اشتراک و تعاون سے سعودیوں کو روزگار مہیا کرنے کے سلسلے کا آغاز کر دیا ۔ مذکورہ شعبوں میں کام کرنےوالے خواہشمندوں کو عملی تربیت بھی فراہم کی جائےگی تاکہ وہ مقررہ مدت میں فنی تربیت مکمل کرلیں بعدازاں نئے ہجری سال کے آغاز سے ہی تربیت مکمل کر نےوالوں کو روزگار مہیا کیا جاسکے ۔ اس ضمن میں چیمبر آف کامرس کے ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر منصور الشثری کا کہنا تھا کہ چشموں اور طبی آلات میں روزگار حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو مختلف قسم کے عملی کورس کروائے جائیں گے جن میں سیلز ، چشموں کے ٹیکنیشنز ، فارمسسٹ ، سیلز ریپریزنٹیٹو ، ماہر بصریات ، انشورنس امور کے ماہر ، مارکیٹنگ اسپیشلسٹ اور کسٹمر سروسز شامل ہیں ۔ امیدواروں کو مذکورہ شعبوں میں فنی کورس کروانے کے بعد انکا امتحان لیا جائےگا جس کے بعد انہیں سند جاری کی جائےگی جس پر انہیں روزگار مہیا کیا جاسکے گا ۔ الشثری نے مزید کہا کہ اس سے قبل گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کے شعبے میں بھی سعودیوں کو فنی تربیتی ورکشاپس کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس میں 623 وکینسیوں پر 199 افراد کی درخواستیں موصول ہوئی ۔ گھریلواور آفس کے فرنیچر کے شعبے میں600 اسامیوں پر آنےوالی درخواستوں کی تعداد 178 تھی جن میں مرد و خواتین شامل تھے ۔گھریلواشیاءاور بجلی کے آلات کے شعبے میں 833 اسامیوں کے اعلان پر 193 خواہشمندوں کی درخواستیں موصو ل ہوئیں ۔ الشثری نے مزید کہا کہ جوسعودائزیشن کو کامیاب بنانے کےلئے مقامی تاجر اور سرمایہ کار تعاون کریں جبکہ وہ بےروزگار ہم وطن جو مذکورہ شعبوں میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں وہ چیمبر کے جاب بینک سے رجوع کر کے اپنے کوائف کا اندراج کروائیں ۔