سابق سیکریٹری انفارمیشن سندھ دعا زبیر مہمان خصوصی
** * **
محمد عامل عثمانی۔۔۔ مکہ مکرمہ
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 25 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے مکہ مکرمہ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی پاکستان سے عمرے پر آئی ہو ئیں محترمہ دعا زبیر صاحبہ ( سابق سیکریٹری انفارمیشن سندھ) تھیں۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔محترمہ دعا زبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی 50فیصد آبادی نیوٹرل لوگوں پرمشتمل ہے جنھیں ہمیں فوکس کرنا اور تحریک انصاف کا پیغام ان تک پہنچانا ہے ۔
ویسٹرن ریجن کے نائب صدر سید راشد علی شاہ کے علاوہ دیگر رہنماوںنے بھی تقاریر کیں اور پی ٹی آئی پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کی نظامت انفارمیشن سیکریٹری مفتی محمد عزیر بھٹہ نے کی ۔مہمان خصوصی کی طرف سے سندھ کی ثقافت اجرک تحفے کے طور پر مکہ کے تمام ارکان کو پہنائی گئی جبکہ مکہ کے ارکان کی طرف سے اپنی معزز مہمان کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب کے آخر میں قومی ترانہ پریوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا ۔
مکہ مکرمہ کی ٹیم کے صدر ڈاکٹر خالد عظیم خٹک، نائب صدر ملک سرفراز اعوان ،جنرل سیکریٹری سید خاقان نے بالخصوص اور مکہ یوتھ ونگ کے ارکان ارسلان شاہد ، اختر علی رانا ، عمران راٹھور، داکٹر انور جاوید نے شرکت کی اور آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
تقریب میں دیگر شہروں سے عہدے داران اور کارکنان نے شرکت کی ۔خصوصی طور پر شرکت کرنے والوں میں الریاض سٹی کے میڈیا انچارج خرم خان ، عدنان فاروقی اور دیگر کارکنان شامل ہیں ۔