ولی عہد کی زیر صدارت اقتصادی و ترقیاتی کونسل کا اجلاس
ریاض.... سعودی اقتصادی و ترقیاتی کونسل کا اجلاس ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت منگل کو ریاض میں منعقد ہوا۔ کونسل نے نجکاری پروگرام پرعملدرآمد کی منظوری دیدی۔ یہ سعودی ویژن 2030کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس کی بدولت قومی اقتصاد کی کارکردگی بہتر ہو گی۔ خدمات کا معیار اچھا ہوگا۔ دائرہ کار بڑھے گا۔ مقامی شہریوں کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ اس کی بدولت جدید ترین ٹیکنالوجی مملکت پہنچے گی۔ خدمات فراہم کرنے والے لائق فائق اداروں کو شریک کر کے اقتصادی ترقی کو مضبوط کیا جائے گا۔ خدمات فراہم کرنے والو ںکی نگرانی ہوگی۔ سرکاری اداروں کا کردار انتظامی اور نگرانی تک محدود ہو جائے گا البتہ نگرانی کا عمل زیادہ موثر ہوگا۔ سعودی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اندرون مملکت سرمایہ لگانے کا حوصلہ ملے گا۔ مسابقت میں اضافہ ہو گا۔ نجی ادارے کا کردار مضبوط ہوگا۔ مجموعی قومی پیداوار میں نجی ادارے کا حصہ 2030تک 40فیصد سے بڑھ کر 65فیصد تک پہنچ جائے گا۔ غیر سرکاری سرمایہ کاری ، ملازمتوں کی تعداد بڑھے گی۔ نجی شعبے کو بنیادی ڈھانچے پانی، بجلی ، نقل وحمل، مواصلات ، پیٹروکیمیکل اور مالیاتی شعبوں میں نجی اداروں کو شریک کیا جائے گا۔ نجکاری کا پروگرام 3بنیادوں پر استوار ہو گا۔ قانونی اور انتظامی بنیادیں راسخ کی جائیں گی۔ نجکاری کے نفاذ پر قاد راداروں کی موجودگی میں شراکت کے ذریعے ادارہ جاتی بنیادیں مضبوط کی جائیں گی جبکہ مقررہ اوقات میں پروگرام نافذ کر کے اہم اسکیموں کی رہنمائی بھی کی جائے گی۔ نجی اداروں کو تعلیمی مراکز اور نئی میڈیکل سٹیز کے قیام میں حصہ لینے کے مواقع مہیا کئے جائیں گے جبکہ حکومت بھی تعلیم و صحت کے شعبوں میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔