وٹامنز کے بے جا استعمال سے اجتناب کریں
جسمانی افعال کو صحیح طریقے سے انجام دینے کے لئے وٹامن کی مناسب مقدار کا موجود ہونا بے حد ضروری ہے ۔ وٹامن کی کمی کسی نہ کسی بیماری کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے ۔ اگرچہ وٹامن روز مرہ کی غذا سے حاصل ہوتے ہیں تا ہم کمی کی صورت میں سپلیمنٹ کے ذریعے اس کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے ۔ لیکن بعض اوقات وٹامن سپلیمنٹس کا غیرضروری طور پر اور لمبے عرصے تک استعمال خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ عام طور پر ہمارے معاشرے میں یہ رجحان پایا جاتا ہے کہ لوگ طاقت کی گولیوں ، سیرپ یا انجیکشن کے ذریعے جسمانی کمزوری دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ یہ وٹامنز وہ متوازن غذا کے ذریعے بھی حاصل کر سکتے ہیں ۔ مثال کے طور پر وٹامن بی 12 اور وٹامن بی 6 تازہ پھلوں ، سبزیوں ، دالوں ، گوشت ، دودھ وغیرہ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں اور جسم میں مہینوں محفوظ رہتے ہیں ۔لہذا ضروری ہے کہ وٹامن کی گولیوں سے مناسب حد تک پرہیز کیا جائے ۔ اپنی خوراک میں تازہ پتوں والی سبزیوں اور پھلوں کے رس کے استعمال کو بڑھایا جائے . یہ وٹامن اے اور سی کا بہترین ذریعہ ہیں ۔ دودھ اور انڈے کی زردی میں وٹامن ڈی پایا جاتا ہے . اس کے علاوہ گاجر ، سیب ، شلجم اور مچھلی کے تیل میں بھی وٹامن ڈی پایا جاتا ہے ۔ وٹامن ای گندم ، خوردنی تیل ، تازہ پھلوں اور سبزیوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ لہذا یہ کہا جاسکتا ہے کہ روز مرہ کی سادہ اور متوازن خوراک وٹامن کا جو ذخیرہ فراہم کرتی ہے اس کے ہوتے ہوئے وٹامن کی گولیوں پر پیسہ خرچ کرنے اور صحت کو داؤ پر لگانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔