Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینٹر بری میں شاہینوں کی پریکٹس

کینٹربری:آئر لینڈ اور انگلینڈ کے دورے پر جانے والے پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ نے آرام اور سیرو تفریح کے بعد دورے کے لئے تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کردیا ۔ اسکواڈنے انگلینڈکے شہر کینٹربری میں عارضی کیمپ لگایا ہے جہاں28اپریل سے شروع ہونے والے پہلے4روزہ فرسٹ کلاس کی تیاری کی جا رہی ہے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کے خلاف ایک اور انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی تاہم آئر لینڈ کے شہر ڈبلن میں پہلے ٹیسٹ سے قبل انگلش کاونٹی کینٹ کے علاوہ نارتھمپٹن شائر کے خلاف بھی فرسٹ کلاس میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کرکٹرز نے گزشتہ روز مختلف تربیتی مشقیں شروع کیں جن کے دوران بیٹنگ، بولنگ کی ساتھ فیلڈنگ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی نگرانی میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔فاسٹ بولر محمد عباس جو انگلینڈ میں کاونٹی کرکٹ میں مصروف تھے ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں جبکہ ویزا ملنے میں تاخیر کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ نہ جانے والے فاسٹ بولر محمد عامر آج اسکواڈ میں شامل ہوجائیں گے۔کاونٹی کلب کینٹ کے خلاف 4روزہ وارم اپ میچ کیلئے ٹیم کا انتخاب ایک دن قبل یا میچ کی صبح کیا جائے گا۔ 16رکنی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، امام الحق، سمیع اسلم، حارث سہیل، بابر اعظم، فخر زمان، سعد علی، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان، محمد عامر، محمد عباس، حسن علی، راحت علی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

شیئر: