صاف ستھرا کچن ، حفظان صحت کا پہلا اصول
جمعرات 26 اپریل 2018 3:00
کچن کا فرش عموما تیل کے چھینٹے وغیرہ گرنے کے باعث چکنا ہوجاتا ہے اور فرش کی یہ چکنائی دور کرنا وبال جان بن جاتا ہے ۔ فرش کی چکنائی دور کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ کپڑے دھونے والا پاؤڈر فرش پر چھڑک کر گرم پانی سے فرش دھولیں ۔ چکنائی دور ہوجائے گی ۔ دیواروں پر جمی چکنائی دور کرنا بھی ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے ۔ دیواروں کی مناسب صفائی اور چکنائی دور کرنے کے لئے تھنر کا استعمال بہترین انتخاب ہے ۔ پہلے تھنر کو دیواروں پر رگڑیں اور پھر میٹھا سوڈا لیکر تولیے کی مدد سے آہستہ آہستہ دیوار پر رگڑیں ۔ اس طرح چکنائی بھی دور ہوجائے گی اور دیوار کا رنگ بھی خراب نہیں ہوگا ۔
کچن کے جھاڑن اور پونے بھی مستقل صفائی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ تمام جھاڑن اور پونے لے کر ہر پندرہ دن بعد ایک دیگچی میں پانی ڈال کر تھوڑا سا سرف اور سفید سرکہ شامل کرکے بھگو دیں ۔ کچھ دیر پانی میں ابلنے دیں اور پھر رگڑ کر دھو لیں ۔ تمام داغ دھبے دور ہو جائیں گے ۔ سنک میں جمی چکنائی دور کرنے کے لیے ابلتا ہوا پانی سنک میں ڈالیں ۔ اس سے سنک کے ساتھ ساتھ پانی کے پائپ میں موجود چکنائی اور رکاوٹ بھی دور ہو جائے گی ۔ کچن کو جراثیموں کی آماجگاہ بننے سے بچانے کے لئے کاؤنٹر کی صفائی سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے ۔ کاونٹر اگر لکڑی کا ہو تو اس سے لہسن اور پیاز کی بدبو آنے لگتی ہے ۔ یہ بدبو دور کرنے کے لیے ایک لیموں کاٹ کر کاؤنٹر پر رگڑیں اور صاف پانی سے دھولیں ۔ نان اسٹک برتنوں کی چمک کو برقرار رکھنے کے لئے ان پر وقتاً فوقتاً پالش کرواتے رہیں ۔ ان برتنوں میں کھانا پکاتے وقت ہمیشہ لکڑی یا پلاسٹک کا چمچ استعمال کریں تاکہ ان میں نشان نہ پڑیں اور ان پر سے جلنے کے نشانات صاف کرنے کے لئے انہی برتنوں میں پانی اور بیکنگ سوڈا ڈال کر ابالنے کے بعد دھولیں ۔ تمام داغ دور ہو جائیں گے .