قومی شناختی کارڈ کی فیس میں اضافہ واپس لیا جائے،عسیر پاکبان
جمعرات 26 اپریل 2018 3:00
خمیس مشیط (جی ایس ایوب) سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیو ں کی طرح اہل عسیر بھی نادرا کی جانب سے قومی شناختی کارڈ کی فیس میں اضافے پر حیران اور پریشان ہیں کہ دیار غیر میں بے پناہ مصیبتوں اور پریشانیوں میں گھرے پاکستانیوں کو ملک سے کبھی خیر کی خبر نہیں آتی۔
عسیر ریجن کی معروف سماجی شخصیت قربان علی بھٹی نے کہا کہ ہم پردیس کی خاک چھان رہے ہیں بے پناہ مصیبتوں میں گھرے ہیں ہمیں کبھی وطن سے خیر کی خبر نہیں ملتی۔ قومی شناختی کارڈ ہر پاکستانی کا حق ہے اور اس کو مفت دیا جانا چاہئے یا معمولی فیس لی جائے۔ لیکن اس میں مزید اضافہ کرکے دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی مصیبتوں اور پریشانیوں میں اضافہ کردیا گیا ہے جسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔ پاکستان ویلفیئر فورم کے چیئرمین ریاض چوہدری، صدر فاروق بٹ، سیکریٹری جنرل سید عاصم حسین شاہ، فنانس مینجر محمد اسد، مظفر اعوان، فراست آفریدی، محمد اسحاق چوہدری، راجہ عبدالستار نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اضافہ واپس لیا جائے۔
پاکستان ڈاکٹرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر جمیل مغل، ڈاکٹر شہاب صدیق، ڈاکٹر جاوید ملک، میاں سلیم ، ڈاکٹر اے ڈی میمن، ڈاکٹر اسلم میمن اور دیگر نے حکومت کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا اور فوری واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔