سنگاپور..... سنگا پور چڑیا گھر کی انتظامیہ نے بہت سوچ بچار کے بعد آخر کار اپنے اس قطبی ریچھ کی حالت پر رحم کھاتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ہے۔ واضح ہو کہ انوکا نامی یہ قطبی ریچھ استوائی علاقوں میں پیدا ہونے والا پہلا ریچھ تھا اور چڑیا گھر کی علامت بن چکا تھا۔ مگر گزشتہ کئی برسوں سے اسکی صحت مسلسل گرنے لگی تھی اور اب حالت ایسی ہوگئی تھی کہ اس کے لئے چلنا پھرنا بھی مشکل ہوگیا تھا۔ آخر کار اسے ہلاک کردینا پڑا۔ چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صحت اتنی زیادہ گر گئی تھی کہ اگر اب بھی اسے یونہی چھوڑ دیا جاتا اور وہ بیماری کا عذاب جھیلتا رہتا تو صریحاً ناانصافی ہوتی اور اس رویئے کو ظلم بھی کہا جاسکتاتھا۔ واضح ہو کہ قطبی ریچھ کی 27سالہ زندگی انسانی زندگی کی طوالت کے حساب سے 70سال کے قریب بنتی ہے۔ انوکا کی پیدائش اس اعتبار سے بھی انوکھی تھی کہ وہ ایک مخصوص کردہ جگہ پر پیدا ہوا تھا یعنی کھلی فضا اسے نصیب نہیں تھی۔ ماہرین کا کہناہے کہ کسی محدود اور مخصوص جگہ پر پیدا ہونے والے ریچھوں کی عام عمر سے انوکا 2 سال بڑا تھا۔