فری میڈیکل کیمپ پاکستانی تارکین کے لیے ایک نعمت غیر مترقبہ ہے
600 سے زاید مریضوں کی آمد اس کی کامیابی کی دلیل ہے ، سردار محمد خان خٹک
ریاض (جاوید اقبال) - - - -نائب سفیر پاکستان سردار محمد خان خٹک نے کہا ہے کہ سفارتخانے کی زیر نگرانی پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے 15ویں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد طبی انشورنس نہ رکھنے والے حاجتمند پاکستانیوں کے لیے ایک نعمت غیر مترقبہ تھا اور ایک بڑی تعداد کے مستقلا وطن لوٹ جانے کے باوجود 600 سے زائدمریضوں کی آمد کیمپ کی افادیت اور کامیابی کا بڑا ثبوت تھی ۔ وہ جمعہ کی سہ پہر پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے زیر اہتمام منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کے دورے کے بعد اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کررہے تھے ۔
انہوں نے ڈاکٹرز گروپ کی مساعی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 27 امراض کے ماہرین کی ایک چھت کے نیچے موجودگی ایک قابل فخر عنصر تھا اور یہ کہ بلامعاوضہ معائنے اور پھر ادویات کی سہولیات سے ہر عمرکے بچے ، بوڑھے اور خواتین نے استفادہ کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں سردار محمد خٹک نے واضح کیا کہ یہ کیمپ یقینا انسانی بنیادوں پر ہر ملک کے تارکین وطن کو بھی معالجے کی سہولیات فراہم کرسکتا ہے تاہم چونکہ پاکستانیوں کی ہی بہت بڑی تعداد چانسری ہال کی محدود جگہ میں اکٹھی ہوجاتی ہے اسلئے یہ موجودہ صورتحال میں ممکن نہیں ہوگا ۔
پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے صدر اور نیشنل گارڈز اسپتال میں ماہر انستھیزیا ڈاکٹر تنویر عزیز نے کہا کہ کنگ فیصل اسپیشلسٹ ، نیشنل گارڈ ، ملٹری ، پرنس سلطان ، کنگ خالد یونیورسٹی ، کنگ سعود شمیسی ، سلمان حبیب اور دلہ اسپتالوں سے 170 اطباء اور ماہرین اور 15 نرسوں نے کیمپ میں خدمات انجام دی تھیں ۔ اسکے علاوہ مریضوں کے معائنے کے لیے جدید ترین مشینوں میں ایک الٹرا ساؤنڈ کی ایسی مشین بھی تھی جسے متعارف ہوئے صرف ایک ماہ ہوا تھا اور ابھی بڑے اسپتالوں میں بھی نہیں پہنچی تھی ۔
ڈاکٹرز گروپ کے بانی چیئرمین ڈاکٹر ریاض جاوید خواجہ( ستارہ امتیاز) نے واضح کیا کہ جنرل و نیورو سرجری ، ہڈی و جوڑ ، آنکھ ، ناک ، کان ، گلے ، دل ، معدے ، جگر ، دانت ، گردے ، مثانے ، زچہ و بچہ اور دیگر متعدد امراض کے ماہرین دستیاب تھے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سفارتخانے میں زائرین کے لیے بھی صبح 8 بجے سے 12 بجے تک طبی کلینک کام کرتا تھا ۔