خواجہ آصف نے نااہلی کا فیصلہ چیلنج کردیا
اسلام آباد..سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے نااہلی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ سابق وزیر خارجہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ نے قیاس آرائیوں پر مبنی فیصلہ دیا ۔ نااہلی کی رٹ دائر ہونے سے قبل بینک اکاونٹ اور اقامہ ظاہر کر چکا تھا۔خود سے اکاونٹ ظاہر کرنے کے عمل کو بدنیتی نہیں کہا جاسکتا۔ فیصلے میں ملکی اور متحدہ عرب امارات کے قوانین کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف نے 2013 میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 110 پر ہونے والے انتخابات کے لئے اہل نہیںکیونکہ وہ آئین کے ارٹیکل 62(ون)(ایف) کے تحت شرائط پر پورا نہیں اترتے۔