Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں ڈکیتی اور لوٹ مارکرنے والا 13 رکنی گروہ گرفتار

 امن عامہ کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے ، ریجنل پولیس ترجمان
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو لوٹنے اور اسلحہ کے زور پر مویشی چرانے والے 13 رکنی افریقی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان کے قبضے سے پستو ل، اضافی راﺅنڈز ،چھینے گئے موبائل فون اورمسروقہ رقم برآمد کر لی گئی ۔ اردونیوز کو جاری بیا ن میں سعودی درالحکومت پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نامعلوم گروہ کے بارے میں پولیس کو متعدد شکایات موصول ہوئی تھی جن میں کہا گیا تھا کہ افریقی افراد پر مشتمل ایک نامعلوم گروہ اسلحے کے زور پر ڈکیتی کی وارداتیں کرتاہے ۔ ملزمان کا زیادہ تر شکار مویشی منڈی کے اہلکار ہوتے تھے جنہیں وہ لوگ اسلحہ دکھا کر ان سے موبائل فون ، رقم اور مویشی چھین کر لے جاتے تھے ۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کی کےلئے جامع حکمت عملی وضع کرتے ہوئے انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دیں ۔ بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ واردات کی غیر واضح وڈیو بھی پولیس کو موصول ہوئی تھی جس پر کام کرتے ہوئے بالاخر چھاپہ مار پارٹی ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ۔ گروہ کی تعداد 13 ہے جن میں 10 ایتھوپی ا ور3 سوڈانی شامل ہیں ۔ ملزمان کے قبضے سے 3پستول ، 5 راﺅنڈاور چھینے گئے موبائل فونز اور رقم برآمد ہوئی ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے 9 وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اب تک انہو ںنے 700 مویشی چرائے ہیں ۔ ملزمان کی عمریں 18 سے 30 برس کے مابین ہیں جو تمام غیرقانونی طور پر مملکت میں مقیم ہیں ۔ پولیس نے گروہ کے خلاف چالان کاٹ کر انہیں پراسیکیوشن کے ادارے کے حوالے کر دیا جہاں ان سے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد انہیں عدالت کے سپرد کیا جائے گا ۔ ریاض پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت میں قوانین کی پاسداری ہر ایک کا فرض ہے ۔ سعودی عرب کے امن عامہ سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے ۔ شہر میں امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ 
 

شیئر: