Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان المبارک میں معتمرین کے ہنگامی مسائل فی الفور حل کئے جائیں، عبداللہ بن بندر

مکہ مکرمہ.... نائب گورنر مکہ مکرمہ اور نائب سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ عبداللہ بن بندر نے تمام متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک میں معتمرین کے ہنگامی مسائل فی الفور حل کرنے کا اہتمام کریں۔ اس مقصد کیلئے تمام متعلقہ ادارے ورکنگ ٹیم تشکیل دیں ۔ رمضان کے دوران مسجد الحرام کے خدمتگار ادارے زائرین اور معتمرین کے مشاہدات پر مبنی امور نمٹانے کا اہتمام کریں۔ ورکنگ ٹیم ماہ مبارک کے دوران مسلسل اجلاس کا اہتمام کرے۔ شہزادہ عبداللہ بن بندر نے مذکورہ حکم پیر کو مسجد الحرام کی زیارت اور وہاں متعلقہ اداروں و سیکیورٹی فورسز کی اسکیمو ں کا معائنہ کرتے وقت دیا۔ انہوں نے ماہ مبارک کے دوران زائرین کی سلامتی اور غیر معمولی رش سے پیدا ہونےو الے مسائل کو احسن شکل میں حل کرنے کی خصوصی ہدایت دی۔ اس موقع پر انہیں عمرہ اور نماز کیلئے مسجد الحرام آنے جانے والوں کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے والی اسکیموں کی بابت بریف کیا گیا۔ نائب گورنر نے ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے بعد شہزادہ عبداللہ نے تیسرے سعودی توسیع والے حصے کا دورہ کیا وہاں توسیعی منصوبہ نافذ کرانے والی شخصیات سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ اس حصے سے رمضان میں استفادہ کیا جائے گا۔ شہزادہ عبداللہ بن بندر مکہ مکرمہ کی انتہائی اہم شاہراہ ابراہیم الخلیل دیکھنے کیلئے بھی پہنچے جسے جدید خطوط پر استوار کرنے والے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور دوسرا مرحلہ رمضان کے بعد شروع کیا جائے گا۔ شہزادہ عبداللہ کو 600 میٹر سے زیادہ طویل روڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے منصوبے کی تفصیلات بتائی گئیں۔ اس منصوبے کے تحت الشبیکہ چوراہے کو الخرزہ چوراہے سے جوڑا جائے گا ۔ یہ حرم شریف جانے والے راستو ں میں سے ایک ہے۔ اس سے نمازیوں اور عمرہ کیلئے آنے والوں کو حرم شریف آمد و رفت میں سہولت ہوگی۔ اس کے تحت بوڑھوں اور معذوروں کیلئے چلائی جانے والی ٹیکسی کا راستہ الگ تھلگ کردیا جائے گا۔ 
 

شیئر: