زیر تعمیر عمارت منہدم،12مزدور ملبے تلے دب گئے
نئی دہلی۔۔۔۔مغربی دہلی کے گرجا والا ٹاؤن میں چار منزلہ عمارت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا جس میں تقریباً12مزدورملبے تلے دب گئے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران ، فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 7مزدوروں کوملبے سے نکال لیا۔ تفصیلات کے مطابق حادثہ دہلی کے پریتم بینک ہال کے بی54انڈسٹریل علاقے میں پرانا جی ٹی روڈ پر پیش آیا۔ ملبے سے نکالے گئے تمام زخمیوں کو سندر لال جین اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایاگیاجہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ان کے نام ببلو ، سریندر، چندربھان، جے کمار ، یوگیش ، پرماتما اور پرمود بتائے گئے۔ پولیس نے عمارت کے مالک کو حراست میں لے لیااور حادثے کی تحقیقات شروع کردی۔