شام میں اسرائیلی دراندازی عرب سلامتی اور عالمی امن کے لیے خطرہ: عرب لیگ
سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبدالعزیز المطر نے اجلاس میں شرکت کی (فوٹو: ایس پی اے)
عرب لیگ نے ہنگامی اجلاس میں شام میں اسرائیل کی حالیہ دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسےعرب سلامتی، علاقائی اور بین الاقوامی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
عکاظ کے مطابق عرب لیگ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبدالعزیز المطر نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں جمہوریہ شام سے محلق بفرزون اور کوہ شیخ کے علاوہ’القنیطرہ‘ کمشنری و دمشق کے مضافاتی علاقے میں قابض اسرائیلی فورسز کی جانب سے کی گئی مداخلت کی مذمت کی گئی۔
بیان میں اس کارروائی کو 1974 کے معاہدے اوراقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
اجلاس میں شامی شہری اور عسکری علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے جاری مسلسل کارروائیوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قانون کی خلاف ورزی اور دوسری ریاست میں مداخلت قرار دیا۔ اسرائیلی جارحانہ کارروائیوں پر اسے مورد الزام ٹہراتے ہوئے ہونے والے نقصانات کو پورا کرنے پر زوردیا گیا۔
عرب لیگ نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو مقبوضہ شامی عرب گولان کے حوالے سے بین الاقوامی قراردادوں پرعمل کرنے کا پابند بنائے۔
اجلاس نے نیویارک میں عرب گروپ سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل میں جمہوریہ الجزائر کے عرب ارکین سے رابطہ کرکے سلامتی کونسل میں خصوصی اجلاس منعقد کریں تاکہ بین الاقوامی امن و سلامتی کو اسرائیلی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔