پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں خطے میں سب سے کم ؟
اسلام آباد... سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر آج بھی ڈھاکا ریلیف ٹیکس لگا ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز کا فارنسک آڈٹ کرائیں گے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے پٹرولیم مصنوعات پر ہوشربا ٹیکسز کے اطلاق سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر 25 فیصد ٹیکس لگتا ہے۔جب بھی عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوتی ہیں سیلز ٹیکس لگا دیا جاتا ہے۔پٹرولیم مصنوعات پر جب عوام کو ریلیف دینے کی باری آتی ہے تو ٹیکس لگ جاتا ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر کس قسم کے ٹیکسز کا اطلاق ہوتا ہے۔عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی کیا قیمتیں ہیں۔ یہاں پر پٹرولیم مصنوعات کی کیا قیمتیں ہیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ خطے بھر کے مقابلے میں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہند سے قیمتوں کا موازنہ نہ کریں۔کیا ہند کے ساتھ ہمارا آئی ٹی میں کوئی مقابلہ ہے۔ ہند میں آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی پاکستان سے زیادہ ہے۔پٹرولیم مصنوعات پر آج بھی ڈھاکا ریلیف ٹیکس لگا ہے۔پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی اطلاعات کا فارنسک آڈٹ کروائیں گے۔ چارٹ بنا کر دیں کہ پٹرولیم مصنوعات پر کتنی قسم کے ٹیکسز کا اطلاق ہوتا ہے۔