سہارنپور: بھیم آرمی کے ضلعی صدرکےبھائی کا قتل ،ماحول کشیدہ
سہارنپور۔۔۔۔قومی دارالحکومت دہلی سے قریب سہارنپور میں دلت تنظیم بھیم آرمی کے ضلع صدر کمل بالیا کے بھائی سچن بالیاپرنامعلو م افراد نے فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوراً اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیدیا۔قتل کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور تاجروں نے اپنی دکانیں بند کردیں۔اس کی موت کے بعد راجپوتوں اور دلتوں کے مابین کشیدگی پیدا ہوگئی۔صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث حفاظتی دستوں میں اضافہ کردیا گیا ۔پولیس نے لاش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی اور قاتلوں کیخلاف کارروائی شروع کردی ۔ بھیم آرمی کے کارکن روبن گوتم نے بتایا کہ سچن گاؤں کے قریب واقع چائے کی دکان جارہا تھا ۔اسی دوران 4موٹر سائیکل سواروں نے اس پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سوار ’’جے راج پتانہ‘‘کے نعرے لگاتے ہوئے فرار ہوگئے۔پولیس نے قتل کے الزام میں دیپک رانا، شیر سنگھ رانا، اپدیش رانا اور ناگیندر رانا کو گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کی ۔علاقے میں سیکیورٹی فورس کا گشت بڑھا دیاگیا۔شاہراہوں اور عام سڑکوں پر پولیس چوکیاں قائم کرکے گاڑیوں کی تلاشی مہم شروع کردی گئی۔افواہوں کو کنٹرول کرنے اور حالات پر امن بنانے کیلئے انٹر نیٹ سروس معطل کردی گئی ۔واضح ہو کہ گزشتہ سال 9مئی کو ہی سہارنپور میں راجپوت اور دلتوں کے مابین پرتشددہنگامے برپا ہوئے تھے اور فساد کے دوران آتشزنی اور لوٹ مار کے واقعات پیش آئے تھے ۔کافی دنوں تک مختلف مقامات پر تشدد کے واقعات رونما ہوتے رہے ۔ اسی معاملے میں بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر جیل میں ابھی تک قید ہیں۔